Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چنے کی دال اور قیمے کی قبولی بنانے کی ترکیب

(پانچ سے چھ افراد کے لیے)
اجزاء:
ہاتھ کا کٹا ہوا قیمہ ایک کلو
چاول باسمتی ایک کلو( دھو کر پندرہ منٹ کے لیے بھگو دیں)
چنے کی دال ایک پیالی ( بکھری بکھری ابال لیں)
دہی ایک پیالی
لال مرچ پسی ہوئی آدھا کھانے کا چمچ
نمک حسب ذائقہ
ہری مرچ چھ عدد( تین ثابت، تین کٹی ہوئی)
کالی مرچ ثابت چھ عدد( کٹی ہوئی)
سفید سرکہ ایک چائے کا چمچ
گھی/تیل ڈیڑھ پیالی
گرم دودھ ایک پیالی
ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ
ہلدی ایک چائے کا چمچ
پودینہ ایک گٹھی( باریک کٹا ہوا)
لیموں چار عدد
سیاہ زیرہ ایک چائے کا چمچ
پیاز چار ڈلی(باریک کٹی ہوئی)
زردہ کا رنگ چٹکی بھر
ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں قیمہ ، ادرک ، لہسن ، نمک ، مرچ ، ہلدی اور دو کھانے کے چمچ گھی ڈال کر بغیر پانی ڈالے قیمہ بھون کر اتار لیں ۔
ابلی ہوئی دال کا پانی نکال کر دہی ، آدھی گٹھی پودینہ ، تین ہری مرچ ، کٹی ہوئی کالی مرچ اور دو لیموں کا رس ملا دیں ۔
ایک چھوٹی دیگچی میں گھی ڈال کر پیاز گولڈن کر لیں ۔ جب گولڈن برائون ہو جائے تو پیاز نکال کر اخبار پر پھیلا دیں تاکہ خستہ ہو جائے گھی کو دال میں ملا دیں ۔
ایک بڑی دیگچی میں چاول ابالیں۔ پانی میں چند پودینے کے پتے ، ثابت ہری مرچ ، سیاہ یرہ ،سرکہ اور نمک ڈال دیں ۔ جب چاول دو کنی ابل جائیں تو پانی نکال دیں ایک چھلنی میں رکھ دیں ۔
اب تینوں چیزیں تیار ہیں۔ چاول والی دیگچی میں نیچے ذرا سی چکنائی لگا کر چاولوں کی ایک تہہ لگائیں۔ اس کے اوپر قیمے کی تہہ پھر دال کی تہہ اور تھوڑی سی پیاز ہاتھ سے کچل کر ڈال دیں پھر چاول ،  قیمہ ،  دال اور تھوڑی پیاز کچل کر ڈالیں ۔ گرم گرم دودھ میں زردے کا رنگ ملا کر ڈال دیں ۔ بچی ہوئی تلی پیاز اور دو لیموں کا رس ڈال دیں ۔ ڈھکن ڈھانک کر کھانے چولہے کے اوپر پانچ منٹ کے لیے تیز آنچ میں دم پر رکھ دیں ۔ پانچ منٹ بعد ہلکی آنچ کر دیں ۔ جب بھاپ اوپر آ جائے تو قبولی تیار ہے ۔دہی کے رایتے اور اچار کے ساتھ پیش کریں ۔
 

شیئر:

متعلقہ خبریں