Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رونالڈو پرتگال کو ہالینڈ سے نہ بچا سکے

جنیوا:ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کے عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو دوستانہ میچ میں اپنی قومی ٹیم کو نسبتًا کمزور ٹیم ہالینڈ کے ہاتھوں شکست سے نہ بچا سکے اور ڈچ ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پرتگال کو0-3سے شکست دے دی۔ ہالینڈ کی جانب سے ورجل وان ڈیک، ریان بیبل اور میمفس ڈیپے نے ایک، ایک گول کیا۔ سوئٹزر لینڈ میں کھیلے جانے والے اس میچ کے دوران پرتگال کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن ان سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا ۔ میمفس ڈیپے نے کھیل کے 11ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے میچ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی اور اس دوران بری طرح گرایا گیا لیکن اپیل کے باوجود ریفری نے پنالٹی کک دینے سے انکار کردیا۔ میچ کے32منٹ میں ریان بیبل نے ایک خوبصورت کراس پر ہیڈ کے ذریعے گیند پرتگال کے گول میں پہنچاتے ہوئے برتری دگنی کردی۔اس کے بعد پہلا ہاف ختم ہو نے سے پہلے وان ڈیک نے ہالینڈ کا تیسرا گول کرکے میچ پرتگال کےلئے بڑی حد ختم کردیا۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں زیادہ اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پائیں ہالینڈ نے اپنی بہتر پوزیشن کی وجہ سے صرف دفاع پر توجہ دی جبکہ پرتگالی ٹیم اس کی دفاعی لائن میں کوئی ایسا سقم تلاش نہ کر پائی جس کی وجہ سے اسے اسکور کا موقع مل سکتا۔ میچ ختم ہو نے سے 20منٹ پہلے کوچ نے رونالڈو کو باہر بلا لیا اور اس کے بعد پرتگال کےلئے کھیل میں واپسی کے امکانات مزید کم ہو گئے اور میچ اسی اسکور پر اختتام کو پہنچ گیا۔ گزشتہ ہفتے انگلینڈ سے شکست کے بعد ہالینڈ کےلئے یہ کامیابی بڑی اہم ہے اور اسے نیا حوصلہ مل گیا ۔ ڈچ ٹیم اپنے نئے کوچ رونالڈ کوومین کی نگرانی میں کھیل رہی تھی۔

شیئر: