Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

13کمپنیوں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کی اجازت

نیویارک..... سعودی سرمایہ کاری بورڈ نے 13امریکی کمپنیوں کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کی اجازت دیدی ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ نیویارک کی مناسبت سے یہاں سعودی امریکی ایگزیکٹیو فورم کا انعقاد ہوا۔ جہاں سرمایہ کاری بورڈ کے سربراہ انجینیئر ابراہیم بن عبدالرحمان العمر نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے 13امریکی کمپنیوں کو اجازت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیاں وژن 2030کے تحت سعودی عرب کی شراکت سے یہاں مختلف صنعتیں منتقل کرینگی۔ جن کمپنیوں کو اجازت دی گئی ہے ان کا تعلق صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیٹرولیم مصنوعات ، تعمیرات،گاڑیوں کی صنعت، ماحولیات، غذائی خدمات، گیس اورتوانائی کے شعبوں سے ہے۔ قبل ازیں ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے نیویارک میں 40بڑی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کی تھی۔ ولی عہد نے امریکی سرمایہ کاروں کو نیوم منصوبے کے علاوہ وژن 2030میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع سے آگاہ کیا تھا۔ دوسری طرف ولی عہد ووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے سافٹ بینک کے ساتھ سعودی عرب میں شمسی توانائی کا منصوبہ قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ معاہدے کے مطابق 2019ءمیں سعودی عرب میں شمسی توانائی کے دو پلانٹ قائم کئے جائیں گے۔ 2030ءتک مملکت میں شمسی توانائی پیدا کرنے کےلئے پینل کی مقامی صنعت کےلئے کام کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مملکت اور سافٹ بینک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق سعودی عرب میں دنیا کا سب سے بڑا شمسی توانائی پلانٹ قائم کیا جائے گا۔ اس سے 200گیگا واٹ بجلی پیدا ہوگی ۔ منصوبے سے ایک لاکھ سے زیادہ اسامیاں پیدا ہونگی۔ ماہرین کا کہناہے کہ سعودی عرب میں شمسی توانائی منصوبے میں جہاں شمسی پینل لگیں گے وہ رقبہ ٹوکیو شہر سے بھی بڑا ہے۔ یہ فضا سے بھی دیکھا جاسکے گا۔دوسری جانب ولی عہد ووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس نے ملاقات کی۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ہونے والی ملاقات میں خطے کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال ہوا۔ ولی عہد نے اقوام متحدہ کے تعاون سے سعودی عرب کی انسانی امدادی کاموںپر روشنی ڈالی۔یمنی عوام کی امداد وبحالی کےلئے مشترکہ کوششوں پربھی زور دیا گیا۔ ولی عہد کی شرکت سے سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے کے درمیان یمن میں امدادی کارروائیوں کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔اسی اثناءمیں ولی عہد ووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے نیویارک میں سافٹ بینک سمیت بڑی امریکی کمپنیوں کے سربراہوں نے ملاقات کی۔ سرمایہ کاری کے علاوہ مشترکہ تجارت پر گفتگو کی گئی۔ قبل ازیں ولی عہد سے سافٹ بینک کے سربراہ نے الگ ملاقات کی اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مختلف مواقع کا جائزہ لیا گیا۔
 

شیئر: