Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فن لینڈ کے اسکولوں میں روبوٹس ٹیچر

ٹیمپرے ، فن لینڈ.... فن لینڈ میں روبوٹ ٹیچر کو اسکول میں تعینات کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اورحال ہی میں ایک مقامی اسکول نے لسانیات کے روبوٹ ٹیچر کو ملازم رکھا ہے۔ جسے الیاس کا نام دیا گیاہے۔ یہ مشینی ٹیچر طلباءسے ان کے والدین او راساتذہ کی توقعات اور طلباءکی اپنی صلاحیتوں کے درمیان توازن کا جائزہ لینے کے بعد انکے مستقبل کیلئے بہتر لائحہ عمل بھی تیار کرسکتے ہیں۔ یہ مشینی ٹیچر ایک، ایک طالب علم پر نظر رکھتے ہیں۔ انکی بات سنتے ہیں اور اسے ذہن نشین کرنے کے بعد ہیڈماسٹر کے پاس جاکر ساری بات بتا دیتے ہیں۔ اس مشینی ٹیچر کو جن لوگوں نے بھی اسکول میں کام کرتے ہوئے دیکھا ہے انکا کہنا ہے کہ اس ٹیچر کا صبر و ضبط اور تحمل مثالی ہے۔ یہ کبھی غصے میں نہیں آتا اور نہ ہی طلباءکو پریشان اور رسوا کرنے کیلئے ان سے ٹیڑھے میڑھے سوالات کرتا ہے۔ حد یہ ہے کہ طلباءکو خوش کرنے کیلئے یہ کنگہم اسٹائل میں ناچنے کا ہنر بھی جانتا ہے۔ الیاس نامی روبوٹ کے اندر ہی ایک ہیمونائڈ روبوٹ موجود ہے اور اس کی ایپلی کیشن موبائل ہے۔ ٹیمپرے شہر میں کئی دوسرے اسکولوں نے بھی ایسے مشینی اساتذہ کو ملازم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب تک 4مشینی ٹیچرز ان اسکولوں میں بحال بھی کردیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یہ روبوٹ کم از کم 23زبانیں سمجھتے اور بولتے ہیں۔ ان میں ایسا سافٹ ویئر بھی لگا ہے جن کی مدد سے وہ طلباءکی ضروریات سمجھ لیتے ہیں اور پڑھائی میں انکی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ سردست یہ ان اساتذہ کا تجرباتی مرحلہ ہے او راس مرحلے میں وہ انگریزی، جرمنی اور فنش زبان ہی میں بات کرسکتے ہیں۔ بہت سے حقیقی ٹیچروں نے جنہوں نے ان مشینی ٹیچروں کو کام کرتے دیکھا ہے اس تجربے کی تعریف کی ہے او رکہا ہے کہ طلباءان ”اساتذہ“ کی مدد سے پڑھنے میں زیادہ دلچسپی لے سکیں گے۔ ضرورت اب اس بات کی ہے کہ اسکولوں کیلئے نیا نصاب تیار کیا جائے جن میں ان مشینی ٹیچروں کا بھی عمل دخل ہو۔

شیئر: