امتحانی کارڈ پر کُتے کی تصویر، انڈین شخص حیران و پریشان
کارڈ پر نام اور رول نمبر وغیرہ درست ہے مگر تصویر کتنے کی لگی ہوئی ہے (فوٹو: ٹریبیون انڈیا)
انڈیا میں ایک شخص کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اسے موصول ہونے والے امتحانی کارڈ پر اس کے بجائے کتے کی تصویر لگی ہوئی تھی۔
ٹریبیون انڈیا کے مطابق یہ عجیب واقعہ ریاست بہار کے علاقے روہتاس میں پیش آیا۔
راکیش کمار نے چار سال قبل بہار کی عدالت میں چپڑاسی کی اسامی کے لیے درخواست دے رکھی تھی اور انہیں درخواست وصول ہونے کی رسید بھی بھجوائی گئی تھی۔
دو ہزار بائیس سے مسلسل انتظار کے بعد ان کو محمکے کی جانب سے ایک دستاویز موصول ہوئی جس میں بتایا گیا تھا کہ انہیں تقرری سے قبل محکمے کے ایک ٹیسٹ سے گزرنا پڑے گا جس کا ایڈمشن کارڈ ان کو بھجوا دیا جائے گا، جس پر سینٹر سمیت دوسری معلومات درج ہوں گی۔
اس پر راکیش کمار کافی خوش ہوئے اور انتظار کرنے لگے کہ کب ٹیسٹ کا کارڈ موصول ہو گا۔
یہ انتظار زیادہ لمبا نہیں ہوا اور جلد ہی ان کو یہ کارڈ مل گیا۔
انہوں نے جلدی سے لفافہ کھولا تو پہلی نظر تصویر پر پڑی جو ان کی نہیں بلکہ ایک گولڈن ریٹریور کی تھی۔
تاہم جب انہوں نے نام اور پتہ وغیرہ پڑھا تو وہ انہی کا تھا۔
راکیش کمار کا کہنا ہے کہ انہوں فارم بھرتے وقت درست نام پتہ درج کیا تھا اور ساتھ تصویر بھی اپنی ہی لگائی تھی اور ان کو نہیں معلوم کہ کس وجہ سے ان کی جگہ کتے کی تصویر لگائی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ انہیں نوکری ہاتھ سے جاتی ہوئی دکھائی دی کیونکہ ٹیسٹ میں دو دن باقی ہیں۔
پہلے وہ مایوسی کا شکار ہوئے مگر پھر متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو کئی شکایات بھجوائیں جن کا کوئی جواب نہیں دیا گیا اور ٹیسٹ کی تاریخ قریب آ رہی ہے جو کہ پندرہ مارچ کو ہے۔
جس پر ان کے ایک جاننے والے نے یہ معاملہ انٹرنیٹ پر ڈال دیا جس پر صارفین اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔
ان میں سے زیادہ تر نے محکمے کے ریکروٹمنٹ سیکشن کی سنجیدگی پر سوالات اٹھائے ہیں اور کہا ہے سنگین کے بعد اس کو تسلیم یا درست کرنے کے بجائے متعلقہ شخص کو نظرانداز کر دینا قابل مذمت ہے اور وہ بھی ایک ایسے وقت میں جب امتحان میں صرف دو دن باقی ہیں۔
اسی طرح اعلیٰ حکام سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے اور راکیش کمار کو ہر صورت میں امتحان میں بیٹھنے کی اجازت کے حوالے سے اپیل بھی کی جا رہی ہے۔