Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز سیریز: نیشنل اسٹیڈیم کیلئے فول پروف سیکیورٹی

کراچی: ویسٹ انڈیز سے3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریزکیلئے نیشنل اسٹیڈیم میں سخت حفاظتی حصار قائم کردیا گیا۔کراچی میں9سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے موقع پر سخت ترین سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں،آئی سی سی کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ بریگیڈیئر رچرڈ ڈینس نے بھی نیشنل اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔انہوں نے کہا پہلے میچ کیلئے رینجرز اور پولیس کی جانب سے کئے جانے والے ا نتظامات قابل تعریف ہیں، امید ہے کہ شائقین کرکٹ نظم وضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل میچوں سے لطف اندوز ہوںگے۔دریں اثناءپی ایس ایل فائنل کی طرح اتوار کو بھی صرف ٹکٹ رکھنے والوں اور ایکریڈیشن کارڈ کے حامل افراد کو ہی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ قومی شناختی کارڈ دکھانا بھی لازمی ہوگا۔شائقین کرکٹ کو شہر کے مختلف حصوں سے اسٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے اسپیشل شٹل بس سروس کا انتظام کیا گیا ہے، شہر میں گرمی کی شدت کو پیش نظر رکھتے ہوئے شائقین کو رات7 بجے تک اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

شیئر: