Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہاب ریاض میچ وننگ بولر نہیں، ہیڈ کوچ

لاہور: پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے واضح کر دیا ہے کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض میچ وننگ بولر نہیں اور ٹیم انتظامیہ نوجوان بولرز پر زیادہ توجہ دے رہی ہے جو طویل عرصے تک ٹیم کا اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ وہاب ریاض پی ایس ایل میں فہیم اشرف کے ہمراہ 18وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے لیکن انہیں دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کےلئے اعلان کردہ 25 کھلاڑیوں کی فہرست کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ وہاب ریاض نے گزشتہ 2 سال کے دوران کسی میچ میں ایسی بولنگ نہیں کی کہ ٹیم فتح سے ہمکنار ہو سکے ۔ وہاب ریاض کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ مشکل تھا لیکن ہم نے ملک، وقت اور کنڈیشنز کی مناسبت سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو کیمپ کےلئے منتخب کیا اور انہی میں سے اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا، ہم نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کریں گے کیونکہ یہ سب باصلاحیت ہیں اور ان کے پاس کافی وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ کےلئے کھلاڑیوں کے اعلان سے قبل فٹنس ٹیسٹ میں وہاب ریاض 17.4 اسکور کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ہم نے فاسٹ بولرز کےلئے 19اسکور کا معیار متعین کیا ہے اور وہاب اس کے حصول میں ناکام رہے، ان کی جگہ نوجوان شاہین شاہ آفریدی نے لی جن کا اسکور 18 رہا۔ مکی آرتھر نے اعتراف کیا کہ وہاب ریاض برے بولر نہیں اور نہ ہی ان کی بولنگ میں کوئی مسئلہ ہے لیکن میں اس ٹیم کے کلچر کو تبدیل کر رہا ہوں اور میں کسی ایسے کھلاڑی میں دلچسپی نہیں رکھتا جو کم تر کارکردگی دکھائے، موجودہ صورتحال اور ماحول میں درمیانے درجے کی کارکردگی قابل قبول نہیں رہی، جب تک آپ تسلسل سے ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت نہیں ہوں گے اس وقت تک ٹیم میں پوزیشن بھی محفوظ نہیں ہوگی ۔ قومی ٹیم سے اخراج اور ہیڈ کوچ کے اس بیان کے بعد 32 سالہ وہاب ریاض کا کیریئر خطرات سے دوچار ہو گیا ہے اور اگر وہ ڈومیسٹک سطح پر عمدہ کارکردگی اور اعلیٰ فٹنس کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو ان کی قومی ٹیم میں واپسی کے رہے سہے امکانات بھی ختم ہو جائیں گے۔ فاسٹ بولر مختصر دورانیے کی کرکٹ سے پہلے ہی باہر ہوچکے ہیں اب ان کا ٹیسٹ کیریئر بھی ختم ہوتا نظر آرہا ہے۔ حالیہ عرصے میں ان کی کارکردگی بہتر ہونے کے بجائے صرف چند بولنگ اسپیلز تک ہی محدود رہی۔ ان میں ورلڈ کپ 2015ء میں شین واٹسن کے خلاف بولنگ، انگلینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں 19 اوور زکا اسپیل اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں کیا گیا بولنگ اسپیل نمایاںہیں ۔-17 2016ءکے دورہ آسٹریلیا میں وہ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔ وہاب ریاض نے آخری ون ڈے میچ چیمپیئنر ٹرافی 2017ء کے دوران گروپ مرحلے میں ہندکے خلاف کھیلا تھا جس میں انہوں نے 8.4اوورزمیں 87رنز دیئے اور کوئی وکٹ نہ لی جبکہ ان کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بھی گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف تھا جہاں ان کی بولنگ 4 اوورز میں 44رنز اور ایک وکٹ تھی ۔

شیئر: