ضرورت مند خاندانوں کو مناسب رہائش: ’سکن‘ مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز
ولی عہد نے مناسب رہائش کی فراہمی کے لیے ایک ارب ریال کا عطیہ دیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے ذاتی طور پر ’جود الاسکان‘ اقدام کے تحت ضرورت مند خاندانوں کو مناسب رہائش کی فراہمی کے لیے ایک ارب ریال کا عطیہ کیے جانے کے بعد سعودی ترقیاتی ہاوسنگ فاونڈیشن ’سکن‘ مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق فاونڈیشن کی جانب سے شروع کی جانے والی سکن مہم کے تحت مملکت کے مختلف علاقوں میں رہائشی یونٹس دینے کا آغاز کیا ہے۔
جود الاسکان اقدام کے تحت مستحق خاندانوں کو ملکیت پر گھر فراہم کیا جائے گا جو شہریوں کو باوقار زندگی مہیا کرنے کےلیے ولی عہد کا منصوبہ ہے۔
ولی عہد کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا تھا کہ رہائشی منصوبے زیادہ سے زیادہ 12 ماہ کی مدت میں مکمل کیے جائیں۔
سکن منصوبے کے تحت فوری طور پر گھروں کی حوالگی کے لیے چھ مراحل مقررکیے گئے ہیں۔ مکانات کی حوالگی کے لیے گورنریٹ کی زیر نگرانی مراحل طے کیے جائیں گے۔
تیار شدہ گھروں کی مقررہ خاندانوں کو دینے کے لیے جو منصوبہ مرتب کیا ہے۔ اس کے مطابق ہر مرحلے میں ایک ماہ کے اندر دو علاقوں کو کور کیا جائے گا تاکہ جلد از جلد ضرورت مندوں کو مکان حوالے کیا جاسکے۔
