Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سردی کی پہلی لہر اس ہفتے‘ بارش کے باعث ریاض سمیت کئی علاقوں میں پیر کو سکول بند

شمالی علاقوں میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’مملکت میں سردی کی پہلی لہر اس ہفتے کے آخر تک متوقع ہے جو کئی علاقوں کو متاثر کرے گی۔‘
ایس پی اے کے مطابق حسین القحطانی نے کہا کہ ’اتوار کو شروع ہونے والے بارش کے سلسلے کے بعد شمالی علاقوں میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا’ مرکز درجہ حرارت میں کمی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کرے گا۔‘
اس سے قبل موسمیات کے قومی مرکز نے مکہ، مدینہ، الجوف، قصیم، اور حائل ریجن سمیت کئی علاقوں میں اتوار سے جعمرات تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا تھا۔
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بارش کا الرٹ جاری  کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں غیر یقینی موسمی صورتحال کے باعث کئی ریجنز میں پیر 15 دسمبر کو سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اخبار 24 نے محکمہ تعلیم کے حوالے سے بتایا ’ پیر کو ریاض، الشرقیہ، حفرالباطن، قصیم، الاحسا اور الباحہ کے سکولوں میں تعلیم مدرستی پورٹل کے ذریعے ہوگی۔‘
محکمہ تعلیم نے یہ فیصلہ موسمیات کے قومی مرکز کی پیشگوئی کے حوالے سے کیا ہے۔

 

شیئر: