العُلا: پیراگرینا سیزن میں عرب صحرا کی زراعت اور پیداوار نمایاں
دوسرا العلا ’پیراگرینا سیزن‘ سنیچر کو المنشیہ فارمر مارکیٹ میں اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس سیزن کو العلا کے رائل کمیشن نے العلا کی پیراگرینا کمپنی کے ساتھ شراکت میں منعقد کیا تھا۔
اس دو روزہ ایونٹ میں ’علاقے کی زراعتی میراث کو سراہا گیا اور ریجن کی پائیدار معیشت کو فروغ دیا گیا۔‘
اس سیزن کے دوران العلا کی نایاب اور بہترین زرعی پروڈکٹس کو خوب نمایاں کیا گیا جنھیں ’اپنی بہترین کوالٹی اور غذائیت سے بھرپور خوبیوں کی وجہ سے‘ شاندار قرار دیا جاتا ہے۔ ان پروڈکٹس کو روایتی طریقوں سے تیار کیا جاتا ہے۔
پیراگرینا کا درخت عرب ثقافت میں صدیوں پرانا ایسا صحرائی وسیلہ ہے جو اپنی جمالیاتی خوبیوں اور علاج کے فوائد کی وجہ سے مشہور ہے۔

تقریب میں مقامی کاشتکاروں نے تازہ چیزیں اور مقامی تیار کردہ اشیا کی نمائش بھی لگائی تھی جس میں تاریخ، کاشتکاری اور پیراگرینا کی فصل کی کٹائی کے مختلف پہلوؤں کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا تھا۔
نمائش میں کھانے پکانے کے لائیو سٹیشن بھی تھے جہاں کھیت سے سیدھا میز تک لائی جانے والی ڈشیں، ثقافتی پرفارمینسز، بچوں کی سرگرمیاں اور ورکشاپس شامل تھیں۔
العلا پیراگرینا کمپنی نے ’پیراگرینا کی غذائی اور معاشی قدر کو فروغ دیا ہے‘ جس سے زرعی ویلیو چین کو فائدہ اور کاشتکاروں کو بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

العلا میں پیراگرینا درخت کی کاشت نسل در نسل ہوتی آ رہی ہے جس نے مقامی معیشت کو بہت فائدہ پہنچایا ہے۔
صحرا کے ماحول کے مطابق خود کو ڈھال لینے کی صلاحیت، تیل کی اعلیٰ قدر کے باعث جس سے حسن کو نکھارنے والی قدرتی پروڈکٹس تیار کی جاتی ہیں اور ان کے علاوہ اپنی دیگر خوبیوں کی وجہ سے پیراگرینا بہت قابلِ قدر حیثیت رکھتا ہے اور علاقے کے لیے بڑھتے ہوئے معاشی مواقع پیدا کرتا ہے۔

ابوبکر النازی نے جو العلا پیراگرینا کے چیف ایگزیکٹیو آفسیر ہیں کہا ’ پیراگرینا العلا کی شناخت کا ایک مستند اظہار ہے جو زمین اور اس کے باسیوں کے درمیان ایک توانا رشتے کو ظاہر کرتا ہے۔
پیراگرینا سیزن ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ صحرائے عرب کے قدرتی وسائل میں بڑھتے ہوئے بے پناہ پوشیدہ امکانات کو مقامی اور بین الاقوامی کاسمیٹک صنعت کے لیے لوگوں کے سامنے لائیں۔
