Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک ہند کرکٹ بورڈز حکومتوں کو دیکھتے رہے تو کھیلنا مشکل ہے، احسان مانی

دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ میں نے اپنے دور میں پاک ہند کشیدگی کے باوجود کرکٹ تعلقات بحال کرائے اور اب بھی ایسا ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میں آئی سی سی کا سربراہ بنا تو اس وقت بھی پاکستان اور ہند آپس میں کرکٹ نہیں کھیل رہے تھے ۔ صدر بننے کے بعد میں نے ہند کا دورہ کیا اور کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور دیگر حکام کے ہمراہ بہت سے وزرا سے ملاقاتیں کیں، اسی طرح بعد میں صدرپاکستان سے بھی ملا، ہما ری کوششیں کامیاب رہیں اور ہندوستانی ٹیم نے 2004ء میں پاکستان کا دورہ کیا جو انتہائی کامیاب رہا۔ ہزاروں شائقین بھی پاکستا ن گئے اور ان کی شاندار مہمان نوازی ہوئی، اسی طرح پاکستانی ٹیم کا 2005ءمیں دورئہ ہند بھی کامیاب رہا۔احسان مانی نے کہاکہ دونوں ممالک میں کرکٹ بورڈز کو چلانے والوں کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ان پر دنیا بھر کے کروڑوں شائقین کا قرض ہے جو دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہیں لازمی طور پر مل کر کرکٹ کو فروغ دینا اور باہمی مقابلوں کا تحفظ کرنا چاہیے ، اگر دونوں بورڈز حکومتوں کی جانب دیکھتے رہے تو صورتحال میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں جبکہ کرکٹ تعلقات کی بحالی سیاسی تعلقات میں بہتری کا سبب بن سکتی ہے۔ 

شیئر: