Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ چیمپیئن بننے آیا ہوں، عامر خان

بولٹن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے رنگ میں واپس آیاہوں۔2سال قبل شکاگو میں میکسیکن باکسر ساﺅل کینیلو الواریز سے ناک آوٹ ہونے والے عامر خان نے 2دن پہلے کینیڈین باکسر فل لو گریکو کوچند سیکنڈز ہرا کر واضح کردیا کہ ابھی ان میں دم خم ہے ۔ الواریز کے تباہ کن پنچ کے نتیجے میں عامرخان جس طرح نیم بیہوش ہوئے تھے اس پر بعض ماہرین نے انہیں کیریئر ختم کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا لیکن حالیہ فائٹ کے بعدعامرنے کہا کہ ایک مرتبہ پھرعالمی چیمپیئن بننے کا خواہاں ہوں ۔اولمپکس میں برطانیہ کو میڈل دلانے والے عامر خان ویلٹر ویٹ میں2مرتبہ عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اور ان کے خیال میں اب بھی وہ یہ کارنامہ انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عامر خان کی فتح کے بعد ان کے ہموطن باکسر کیل برووک نے ، جو فل گریکو کے ساتھ ان کا مقابلہ دیکھ رہے تھے، رنگ میں آکر عامر خان کو مقابلے کا چیلنج دیا تھا ۔ اس وقت بظاہر عامر خان نے یہ چیلنج قبول کر لیا تھا تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ کیل برو ک کا وزن زیادہ ہے فی الحال اپنے وزن کی کیٹیگری میں امریکی باکسر ایڈین برونر سے مقابلہ کرنا پسند کریں گے۔ اگر ضرورت پڑی تو وزن بڑھا کر برووک کو بھی دیکھ لیں گے۔ عامر خان نے کہا کہ 4مرتبہ کا سابق عالمی چیمپیئن برونر باکسنگ کا بڑا نام ہے ۔اس سے پہلے عام خیال یہی تھا کہ فل گریکو کے بعد کیل بروک اور عامر خان ہی میں مقابلہ ہوگا۔ ایک سوال پر برطانوی باکسر نے کہا کہ واپس آچکا ہوں اور سب سے مقابلے کیلئے تیار ہوں۔ باکسنگ رنگ سے2سال کی دوری نے میری کارکردگی کو متاثر نہیں کیا ، میری پہلی ترجیح اب تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننا ہے۔ کسی کو فکر مند ہونے کی ضروت نہیں کیل بروک کو شکست دوں گا۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے کہا میں نے انہیں شرمندہ نہیں کیا اور آئندہ بھی ایسا نہیں ہوگا۔

شیئر: