Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب اور بلوچستان میں ٹریفک حادثات میں 23 افراد ہلاک، متعدد زخمی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں شدید دھند کے باعث  ٹریفک حادثے میں 14 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ حادثہ شدید دھند کے باعث مسافروں سے بھرے ٹرک کے سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں غلہ پور بنگلہ کینال میں گرنے کے باعث پیش آیا۔
مقامی میڈیا نے ریسکیو ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ کوٹ مومن کے علاقے غلہ پور بنگلہ کے قریب 23 افراد منی ٹرک میں سوار ہو کر جا رہے تھے تاہم شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے پر منی ٹرک سڑک سے اُتر کر خشک نہر میں جا گرا۔
حادثے میں مجموعی طور پر 14 افراد ہلاک جبکہ نو زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والے افراد میں چھ بچے، پانچ خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔ حادثے کا شکار افراد جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے پر حادثہ، 9 مسافر ہلاک

گوادر کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر کراچی سے جیوانی جانے والی ایک بس کو پیش آنے والے حادثے میں کم از کم نو مسافر ہلاک جبکہ 36 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق حادثہ گوادر کے علاقے  اورماڑہ کے قریب ہڈ گوٹھ کے مقام پر پیش آیا جہاں کراچی سے جیونی جانے والی ’العثمان‘ نامی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اُلٹ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل ہائی وے پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔  ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

 

شیئر: