Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی جدہ کے گوداموں اور 17کولڈ اسٹوریج میں ہولناک آتشزدگی

کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، آگ لگنے کی وجہ دریافت نہیں ہوئی، شہری دفاع ترجمان
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شہری دفاع کی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد جنوبی جدہ میں گوداموں میں لگنے والی ہولناک آگ پر قابو پالیا ۔ آتشزدگی میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل سعید سرحان نے اردونیوز کوبتایا کہ آگ اشیائے خورونوش کے گوداموں میں لگی تھی۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی متعدد ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے آگ بجھانے کی کارروائی کا آغاز کیا ۔ گوداموں میں زنک کی شیٹوں سے پارٹیشن بنایا ہوا تھا جہاں اشیائے خورونوش کو ذخیرہ کرنے کےلئے 17 کولڈ اسٹوریج بنائے گئے تھے ۔ آگ اتنی ہولناک تھی کہ اس سے اٹھنے والے شعلے اور دھواں دور سے دکھائی دے رہے تھے ۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے کئی گھنٹے کی کوشش کے بعد بالاخر آگ پر قابو پالیا ۔ متاثرہ گوداموں کا رقبہ 2ہزار مربع میٹر تھا جبکہ اسٹور کی بالائی منزل پر گوداموں کے دفاتر بنائے گئے تھے ۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ فائر فائٹنگ کی کارروائی میں اسنارکل اور اضافی واٹر ٹینکر ز کی مدد بھی لی گئی تھی۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جس کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں ۔ 
 

شیئر: