Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کا امن امریکہ کی ترجیحات پر ہے، پومپیو

ریاض .... امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیونے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کا امن امریکہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ اتوار کو ریاض میں اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہاکہ سعودی عرب ،ایران سے متعلق امریکہ کی پالیسی کا حامی ہے۔ دہشتگردی اورمیزائل حملوں کی فراہمی سے ایران کو باز رکھنے کیلئے اس پر مزید پابندیاں لگانا پڑیں گی۔ الجبیر نے کہا کہ لبنان اور شام کے بحران ، عراق کی مدد ، عرب ممالک کے اندرونی امور میں ایران کی مداخلت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں یمن کے حالات،ا فریقی ساحل کے ممالک کی حمایت اور لیبیا کے بحران سے نمٹنے کا طریقہ کار بھی زیر بحث آیا۔ پومپیو نے کہا کہ امریکہ، یمنی بحران کے سیاسی حل سے متعلق سعودی نقطہ نظر سے متفق ہے۔ دہشتگردی کے خلاف ہمیں صف بستہ ہونا پڑیگا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی وژن2030ہمارے لئے روشنی کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے ایران سے متعلق ایک سوال کے جواب میں باور کرایا کہ جب سے ایران نے ایٹمی معاہدے پر دستخط کئے ہیں تب سے وہ غلط روش اپنائے ہوئے ہے۔ وہ خطے کے امن کو متزلزل ، حوثیوں کو مسلح اور الیکٹرانک قزاقی میں لگا ہوا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ موجودہ ایٹمی معاہدہ اعتدال پیدا کرنے اور ایران کو لگام لگانے کیلئے کافی نہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ کے دورے کے پہلے مرحلے میں ہفتے کو ریاض پہنچے تھے۔ یہاں سے وہ اردن اور اسرائیل بھی جائیں گے۔
 

شیئر: