Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارت حج نے داخلی عازمین کی آن لائن رجسٹریشن کے ابتدائی مرحلے کا آغاز کر دیا

مکہ مکرمہ .... وزارت حج و عمرہ نے داخلی عازمین حج کی ابتدائی آن لائن رجسٹریشن کے مراحل کا آغاز کر دیا ۔ وزارت حج کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ داخلی عازمین حج کی رجسٹریشن کا عمل 2 مرحلوں میں کیا جائے گا تاکہ مملکت میں رہنے والے مقامی اور غیر ملکی اپنی استطاعت کے مطابق حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کا انتخاب کر سکیں ۔ پہلے مرحلے کا آغاز 30 مئی 2018 کو ہوگا جو 13 جولائی تک جاری رہے گا اس مرحلے میں داخلی عازمین کو حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی فہرست اور انکی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کے علاوہ حج خدمات کے اخراجات کی تفصیلات بتائی جائیں گی ۔ وزارت حج کی جانب سے ویب سائٹ www.localhaj.haj.gov.sa ہے جس پر لاگ ان کر کے وزارت حج میں رجسٹرڈ کمپنیوں اور اداروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں ۔ پہلے مرحلے کے دوران داخلی عازمین کو یہ اختیار ہو گا کہ اگر انہو ںنے اپنی معلومات میں کسی قسم کی غلطی کر دی ہے تو وہ اس دوران منتخب کمپنی کے لئے درج کی گئی معلومات کو درست کر سکیں۔وزارت کی جانب سے دوسرے مرحلے جس کا آغاز 14 جولائی 2018 سے ہو گا اپنی رجسٹریشن کو حتمی شکل دیں گے جس کے بعد انہیں مقررہ حج خدمات فراہم کرنے والے گر وپ کا نمبر اور دیگر اہم تفصیلات فراہم کی جائیں گی جس کے ذریعے وہ حج ادا کرسکیں گے ۔ وزارت حج و عمرہ نے مملکت میں مقیم اور مقامیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ باقاعدہ رجسٹرڈ حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی ہی خدمات حاصل کریں تاکہ فرضی اداروں سے بچتے ہوئے اپنے حقوق کو محفوظ رکھیں ۔ وزارت حج کی جانب سے ای گیٹ کی سہولت اس لئے فراہم کی جاتی ہے کہ عازمین حج فرضی اداروں سے بچیں اور کسی طرح کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔ وزارت حج نے مزید کہا ہے کہ وزارت کی جانب سے داخلی عازمین کےلئے حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں میں رجسٹریشن کےلئے واحد ذریعہ وزارت حج کا ای گیٹ ہی ہے اس لئے دیگر ذرائع استعمال نہ کئے جائیں ۔ وزارت حج نے عازمین کی سہولت کےلئے تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کی سہولت فراہم کی ہے ۔ حج خدمات کے حصول کےلئے عازمین کو محفوظ ذریعہ وزارت نے مہیا کیا ہے جسے استعمال کرتے ہوئے محفوظ طریقے سے حج خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ وزارت حج نے تمام داخلی عازمین حج سے کہا ہے کہ وقت مقرر ہ پر رجسٹریشن کر والیں تاکہ بہتر خدمات مناسب نرخوں میں حاصل کی جاسکیں ۔ 
 

شیئر: