حوثی مکہ مکرمہ پر حملے کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں،پروفیسر ساجد میر
ریاض..... امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے حوثی باغی مکہ مکرمہ پر میزائل حملے اور دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہے ہیں۔جس طرح فلسطین میں قابض یہودی مسجد اقصیٰ کی آئے روز بے حرمتی کرتے اور مقدس مقامات کی توڑپھوڑ کرکے اسلام دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہیں حوثی باغی بھی یہودیوں کی مانند اسلام سے بغض، نفرت اور دشمنی میں حرمین شریفین کا تقدس پامال کررہے ہیں۔ جس طرح اللہ تعالیٰ نے یہودیوں کی چالوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام و نامراد کیا ہے، اسی طرح حوثیوں کو بھی ان کی سازشوں میں ناکام کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاض میں امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب عبدالمالک مجاہد کی طرف سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے دستوں کی سعودی عرب آمد خوش آئند ہے ۔پاک فوج سعودی عرب کو اندرونی سکیورٹی خطرات میں معاونت کے لئے بھیجی گئی ہے اور پارلیمنٹ کی ماضی کی قرار داد میں بھی واضح کیا گیا تھا کہ پاک فوج بیرونی فورسز سے نہیں لڑے گی صرف ان کی مدد کرے گی۔ اس موقع پر پارلیمنٹ کی پرانی قرار داد کا حوالہ دینے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ برے وقت میں سعودی عرب جس طرح پاکستان کے کام آیا ہے ہمیں اسے انہیں نظر انداز نہیں کرنا چا ہئے اور ان کے احسانات کے مقابلے میں یہ معمولی سی بات ہے ۔