Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: سعودی کرکٹ سینٹر کا 13واں سالا نہ اجلاس

 
سید مسرت خلیل۔جدہ
سعودی کرکٹ سینٹر (ایس سی سی ) کا 13واں سالا نہ اجلاس سعودی کرکٹ کے سی ای او ندیم ندوی کی زیر قیادت اور طارق جاوید چیئرمین ایگزیکٹو کونسل (ای سی) کی زیر صدارت مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ سعودی عرب میں ایس سی سی سے منسلک کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سربراہان اور نمائند گان نے شرکت کی اور مملکت میں کرکٹ کی ترقی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ایس سی سی کے میڈیا کورآڈینیٹر سید مسرت خلیل کی رپورٹ کے مطابق ندیم ندوی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کی سب سے قدیم ریاض کرکٹ لیگ (آر سی ایل) اور نجران کرکٹ ایسوسی ایشن (این سی اے) اب سعودی کرکٹ سینٹر سے منسلک ہو رہے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ گرامیش رسک عریبہ کے تعاون سے امپائرنگ کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کیلئے ایس سی سی نے امپائرز کیلئے بین الاقوامی معیار کی امپائرنگ کٹ تقسیم کی ہے۔ جن کی تعداد مملکت بھر میں 250سے زائد ہے۔ امپائرنگ کٹ کے علاوہ تمام میچوں میں اسٹمپ اور کرکٹ گیندوں کا استعمال بھی یکساں اور معیاری طور پرکرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین اکرم قریشی بھی شریک تھے۔ ندیم نے حال ہی میں کویت میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ایشیا گروپ کوالیفائر ایونٹ میں جس میں سعودی عرب، بحرین، مالدیپ، قطر، متحدہ عرب امارات اور میزبان کویت کی ٹیمیں شامل تھیں سعودی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب نے بحرین، کویت، مالدیپ کے خلاف شاندار کامیابیاں حاصل کرکے ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کے علاوہ سعودی ٹیم کے عمران عارف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ حاصل کیا جو ایک اعزاز کی بات ہے۔ انھوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور اجلاس کے شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔ اجلاس کے دوران ندیم ندوی اور تمام شرکاء نے ایس سی سی کے بانی رکن اورسابق میڈیا کوآرڈ ینیٹر سید مسرت خلیل کو دوبارہ ذمہ داری سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔ اجلاس میں مندرجہ ذیل ایسوسی ایشنز اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ خورشید ظفر ، الیاس مصطفی، ڈاکٹر سید ضیا ء الدین ، ویسٹرن پراونس کرکٹ ایسوسی (ڈبلیو پی سی اے) ، فرحت محمود اور طاہر کرامات ایسٹرن پراونس کرکٹ ایسوسی ایشن (ای پی سی اے)، طارق جاوید اور کریم خان ، ریاض کرکٹ ایسوسی ایشن (آر سی سی) ، آفاق اے مسعودی القصیم کرکٹ ایسوسی ایشن (اےکیو سی ایل)، فیصل امین، عدنان آفریدی اور ذیشان امین تبوک کرکٹ ایسوسی ایشن (ٹی سی اے) ، اکرم قریشی، مظہر خان، سہیل نظیر وانی ینبع الصناعیہ کرکٹ ایسوسی ایشن (وائی اے سی اے)، امانت علی اور ساجد رانا مدینہ کرکٹ لیگ (ایم سی ایل)، فرحت اللہ آفریدی اور قربان علی بھٹی عسیر کرکٹ لیگ (اے سی ایل)، لیاقت علی اور چوہدری ارشد جیزان ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن(جے آر سی اے)۔
 

شیئر: