Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملائیشیا کے انتخابات میں مہاتیر محمد کی تاریخی کامیابی

کوالالمپور۔۔۔ملائیشیا کے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم مہاتیر محمد اور ان کی اتحادی جماعت نے واضح کامیابی حاصل کرلی جس کے بعد حکمراں جماعت کے اقتدار کا 60 سالہ دور ختم ہوگیا۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق مہاتیر محمد کے حزب مخالف اتحاد نے 222 اراکین کے ایوان میں 112 نشستیں حاصل کیں جبکہ برسراقتدار رہنے والی جماعت باریسن نیشنل اتحاد 76 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ ملائشیا کے 92 سالہ سابق وزیراعظم مہاتیر محمد وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد وہ دنیا کے معمر ترین منتخب رہنما بن جائیں گے۔مہاتیر محمد باریسن نیشنل اتحاد سے وابستہ رہے تھے تاہم 15 برس قبل انہوں نے وزارت عظمیٰ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔2 سال قبل انہوں نے دوبارہ سیاست میں آنے کا اعلان کیا اور دوبارہ سیاست میں واپس آ کر اپنے مخالف نجیب رزاق کو شکست دی۔ نجیب رزاق پر بدعنوانی کا الزام تھا جبکہ انہوں نے انتخابات میں شکست تسلیم کرلی۔انتخابات میں کامیابی کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوان مہاتیر محمد سے پوچھا گیا کہ کیا وہ نجیب رزاق کے خلاف کارروائی کریں گے جس پر ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کےخلاف انتقامی کارروائی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ قانون کی حکمرانی کے لیے کوشش کریں گے۔
 

شیئر: