Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وژن 2030 میں حصہ لینے کیلئے اعلی تربیت یافتہ پاکستانی لائے جائینگے، محمود لطیف

مائیکرو ویو اور موبائل فون کے استعمال میں احتیاط سے کام لیا جائے،پاکستانی انجینیئرز کو خدمات کا موقع فراہم کرنے پر سعودی حکومت سے اظہار تشکر
ریاض (جاوید اقبال)سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے کہا ہے کہ گزشتہ 2، 3برسوں سے مملکت سے پاکستانی افرادی قوت کا اخراج ہورہا ہے تاہم کوششیں جاری ہیں کہ سعودی وژن 2030کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے مملکت کو اعلیٰ تربیت یافتہ پاکستانی مہیا کئے جائیں۔ وہ انسٹی ٹیوشن آف انجینیئرز پاکستان سعودی عریبین سینٹر کے 49ویں ٹیکنیکل سیمینار میں سفیر پاکستان ہشام بن صدیق کی نیابت کرتے ہوئے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ صدارت انسٹی ٹیوشن کے چیئرمین مبشر حسین کرمانی نے کی۔ محمود لطیف نے مزید کہا کہ وہ یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور ٹیکسلا کے علاوہ دیگر پیشہ ورانہ تربیت دینے والی جامعات سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سفارتخانہ مختلف سعودی کمپنیوں سے بھی رابطہ کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ مملکت میں 12ہزار انجینیئرز کی تعداد سعودائزیشن کی وجہ سے بتدریج کم ہورہی ہے۔ انسٹی ٹیوشن آف انجینیئرز کے ارکان سفارتخانے کو اپنا تعاون فراہم کریں۔ محمود لطیف نے کہاکہ آرامکو، سعودی ٹیلی کام اور سعود ی الیکٹرک سٹی کمپنی جیسے اداروںکی تشکیل و پیشرفت میں پاکستانی انجینیئرز کا کردار بنیادی تھا۔ پروفیسر ڈاکٹر نذر حسین ملک نے سیمینار کے موضوع ”توانائی کا استعمال اور اس سے مربوط خطرات“ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہائی وولٹیج بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہا جائے۔ خصوصاً بارش کے بعد مرطوب مقامات پر انتہائی احتیاط سے کام لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مائیکروویو کا استعمال بھی صحت پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ جب یہ استعمال میں ہوتو چہرہ اس سے دور رکھا جائے۔ ریڈیو ریکونسی کی لہریں دماغ پر ضررر ساں اثرات مرتب کرتی ہیں۔ موبائل فون حتی الامکان چہرے سے دور رکھا جائے۔ رات کو سوتے وقت بھی اسے جسم سے فاصلے پر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹری کمزور ہوجانے کی صورت میں موبائل پر بات چیت سے اجتناب برتا جائے۔ بچوں کو موبائل فون استعمال نہ کرنے دیا جائے۔سید مبشر حسین کرمانی نے اپنے صدارتی خطاب میں مسلسل سرپرستی پر سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا اور سعودی حکومت کیلئے ممنونیت کا اظہار کیا جس نے پاکستانی انجینیئرز کی میزبانی کے فرائض احسن طریقے سے ادا کئے۔ انجینیئر اقبال حسین نے ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔
 

شیئر: