Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اورنگ آباد میں فرقہ وارانہ فساد،100دکانیں نذر آتش

اورنگ آباد.... مہاراشٹر کے شہر اورنگ آباد میں پانی کے مسئلے پر2 گروپوں کے درمیان گزشتہ روز جو ہنگامے ہوئے تھے، اس کے نتیجے میں متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ہفتے کو صبح ہنگاموں کے دوران 100دکانوں کو آگ لگادی گئی ۔ ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے تاہم ابھی تک حکام نے اسکی تصدیق نہیں کی۔ جمعہ کو یہ ہنگامے اس وقت شروع ہوئے تھے جب ایک عبادت گاہ میں پانی کا غیر قانونی کنکشن کاٹ دیا گیا تھا۔ دونوں طرف کے نوجوان سڑکوں پر نکل آئے تھے اور انہوں نے ایک دوسرے پر پتھراﺅ کیا اور کئی گاڑیاں جلادیں۔ انہوں نے اندھا دھند دکانیں نذر آتش کیں۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے اور 4یا اس سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ہنگاموں میں پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما اسد الدین اویسی نے کہا کہ جن لوگوں کی دکانیں جلی ہیں انہیں معاوضہ دیا جائے۔ مجلس اتحاد المسلمین بھی امداد فراہم کریگی۔ پولیس نے شاہ گنج مسجد انگوری باغ اور نواب پورہ میں دکانیں جلانے والوں پر فائرنگ کی۔ علاقے میں اضافی فورس بھیجدی گئی ہے۔
 

شیئر: