Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام مزدوروں کا عالمی دن منایا گیا

 مزدور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں،وہ محنت مشقت کر کے اپنے اہل و عیال کی کفالت کرتے ہیں، ڈاکٹر عمر جاوید
محمد عرفان شفیق ۔ کویت
    گزشتہ روز کویت سٹی کی مقامی ہوٹل میں یوم مئی کی مناسبت سے مزدوروں کا عالمی دن منایا گیاجس کا اہتمام پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کی جانب سے کیا گیا۔ لیبر ڈے کے مہمان خصوصی لیبر ویلفیئر اتاشی سفارتخانہ پاکستان ڈاکٹر عمر جاوید تھے۔تقریب کی صدارت چوہدری فیاض انجم صدر پاکستان ویلفیئر سوسائٹی نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت سینیئر نائب صدر شیخ ارشاد نے حاصل کی۔ حمد وثناء ظفر غوری نے پیش کی جسکے بعد پاکستان و کویت کے قومی ترانے بجائے گئے۔ا سٹیج سیکریٹری کے فرائض محمد آصف کھوکھر نے خوبصورتی سے نبھائے۔
    نور مست خان آفریدی اور عظمت خان آفریدی نے پشتو میں مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے خطاب کیا جبکہ ڈاکٹر جہانزیب ، محمد عرفان عادل، چوہدری الف دین جندران نے اردو میں مزدوروں کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی۔
     شعرائے کرام سید صداقت علی ترمذی اور ذکی بھائی نے لیبر ڈے کی مناسبت سے اپنا کلام پیش کیا۔ گلوگار ظفر غوری اور ناصر عباس نے ملی نغمے اور گیت پیش کیے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
     نائب کمیونٹی اتاشی سفارتخانہ پاکستان طارق مسعود کو الوداعی حسن کارکردگی شیلڈ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے پیش کی گئی۔ طارق مسعود کی 3 سالہ کارکردگی پر پاکستانی کمیونٹی نے حوصلہ مند تعریف کی۔
    تقریب کے دوسرے حصے میں لیبر ویلفیئر اتاشی سفارتخانہ پاکستان ڈاکٹرعمر جاوید نے کمیونٹی کی دیگر شخصیات کی موجودگی میں یادگاری کیک کاٹا۔
    چوہدری فیاض انجم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت گزشتہ10 سالوں سے قومی، سماجی اور لیبرڈے کے پروگرام سفارتخانہ کے زیر سایہ کر رہی ہے۔
     تقریب کے مہمان خصوصی لیبر ویلفیئر اتاشی سفارتخانہ پاکستان ڈاکٹر عمر جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مزدور طبقے کے لیے یادگار پروگرام ہے جس میں ہر صوبے کی نمائندگی موجود ہے۔ مزدور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں۔وہ محنت مشقت کر کے اپنے ملک میں اہل و عیال کی کفالت کرتے ہیں۔انہوں نے لیبر ڈے کی شاندار تقریب منعقد کرنے پر پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں حکیم طارق نے دعا کرائی اور حاضرین کو عشائیہ پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں:- - - -پاکستان ویلفیئر سوسائٹی جدہ کا سالانہ ہیلتھ سیمینار

شیئر: