Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ سیریز میں دباو انگلینڈپر ہوگا ، پاکستانی کپتان

لندن:پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں دباو انگلینڈ کی ٹیم پر ہوگا اور ہماری ٹیم انگلینڈ کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ اہم ہوتا ہے۔ لارڈز ٹیسٹ جیت لیا تو پھر لیڈز میں انگلش ٹیم مزید دباو میں آجائے گی۔ سیریز جیتنا یا ڈرا کرنا پاکستانی ٹیم کی بڑی کامیابی ہوگی جبکہ کلین سویپ انگلینڈ کو رینکنگ میں5ویں پوزیشن سے محروم کردے گا۔ انگلینڈ کو خسارے کی صورت میں سری لنکا کے بعد ساتویں پوزیشن پر جانا ہوگا اور اسے 2پوائنٹس سے بھی محروم ہو نا پڑے گا۔ دوسری جانب اگر انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف کلین سویپ کیا تو دونوں کی رینکنگ برقرار رہے گی تاہم پاکستانی ٹیم کیلئے ساتویں پوزیشن سے نیچے جانے کے خطرات بڑھ جائیں گے۔ آئر لینڈ کو واحد ٹیسٹ میں شکست دینے کے بعد ہمارے نوجوان کرکٹرز نے ویسی ہی کرکٹ کھیلی تو ہم انگلینڈ کو ہرانا مشکل نہیں ۔ بلاشبہ انگلینڈ ہوم گراونڈ پر فیورٹ ہے، انگلش ٹیم اپنے میدانوں میں دنیا کی بڑی ٹیموں آسٹریلیا، ہند اور جنوبی افریقہ کو مشکلات سے دوچار کر چکی ہے لیکن ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کوچنگ اسٹاف اورمیں نے ٹیم کو یہی پیغام دیا ہے کہ شکست سے نہ ڈریں، بے خوف ہو کر کھیلنا ہے ۔ سرفراز نے اعتراف کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا نہیں لیکن ہم نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے 11 میں سے 7 کھلاڑی پہلی مرتبہ لارڈز میں کھیلیں گے ۔اس تاریخی گراونڈ میں میچ وننگ کارکردگی انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دے گی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ سینیئر ہونے کے ناتے مجھ سمیت اسدشفیق، اظہر علی اور محمد عامر پر اضافی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ یاسر شاہ کا ان فٹ ہونا ٹیم کے لئے بڑا نقصان ہے لیکن ڈبلن ٹیسٹ میں محمد عامر اور محمد عباس نے جس طرح کی بولنگ کی اگر ایسی بولنگ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف بھی کی تو کامیابی مشکل نہیں ہوگی۔ اسپنر شاداب خان بہتر کارکردگی کیلئے تیار ہیں ۔

شیئر: