Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ فیورٹ، اپ سیٹ ممکن

 
لندن:پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا میچ لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراونڈ پر شروع ہورہا ہے ۔ کامیابی کا حصول دونوں ٹیموں کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا ۔پاکستانی ٹیم کو ساکھ بحال رکھنی ہے جبکہ انگلش ٹیم کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بدترین ناکامیوں کے حصار سے باہر آنے کا چیلنج درپیش ہے ۔ پاکستانی ٹیم نسبتاً نا تجربہ کار ہے ۔ انگلش ٹیم اسی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی۔ دوسری جانب پہلے آسٹریلیا اور پھر نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بری طرح شکست کھانے والی انگلش ٹیم پر کامیابی کے حصول کے لئے موجود دباﺅ سے سرفراز احمد استفادے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا ہے کہ پہلے میچ کے لئے کم و بیش وہی ٹیم میدان میں اتاری جائے گی جس نے آئر لینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ جیتا تھا ۔ اس ٹیم میں فاسٹ بولر راحت علی کی جگہ حسن علی شامل ہو سکتے ہیں ،شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ کوچ کا کہنا ہے کہ عامر فٹ ہیں اور ٹیسٹ کھیلیں گے۔پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ہمیشہ کی طرح مسئلہ بن سکتی ہے اور انگلینڈ کی مخصوص موسمی صورتحال میں میزبان بولرز کا سامنا اس کیلئے یقینی طور پر آسان نہیں ہوگا ۔ ٹیم کا زیادہ انحصار بیٹنگ میں سرفراز احمد، اسد شفیق ، اظہر علی اور بابر اعظم جبکہ بولنگ میں محمد عامر پر ہوگا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ انگلش ٹیم اس سیریز کیلئے فیورٹ ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ انگلینڈ گزشتہ 13میچوں میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی ۔ پاکستانی ٹیم نے2016میں لارڈز میں فتح کے ساتھ انگلینڈ سے اپنی سیریز2-2سے برابر کی تھی لیکن اس وقت اسے کپتان مصباح الحق، سینیئر بیٹسمین یونس خان اور مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ کی خدمات حاصل تھیں۔میچ کے دوران موسم زیادہ تر خوشگوار رہنے کی پیشگوئی ہے ۔لارڈز کی وکٹ ہمیشہ کی طرح پہلے 2فاسٹ بولرز کیلئے مدد گار ہوگی جس کے بعد بیٹنگ کیلئے سازگار ہوتی چلی جائے گی۔انگلینڈ کی جانب سے اسپنر ڈوم بیس کو ٹیسٹ کیپ مل سکتی ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے فخرزمان کو ٹیسٹ کیپ دیئے جانے کا امکان ہے۔ 
 

شیئر: