Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین کی بیٹھک

بین الاقوامی کانفرنس برائے ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت (آئی سی اے این 2026) نے ریاض میں ٹیکنالوجی کے عالمی ماہرین اور کمپنیوں کو اکٹھا کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس آن ڈیٹا اینڈ اے آئی کیپیسٹی بلڈنگ میں منگل کو طلبہ کے لیے مختلف سیشنز کا انعقاد بھی کیا جس کا مقصد ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں قومی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور لیڈرشپ مہارتوں کو ترقی دینا تھا۔  
کانفرنس میں لوگوں کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی ہے جہاں صنعتی شراکت داروں، ماہرینِ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شوقین افراد کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے طلبہ بھی شریک ہو رہے ہیں۔
ایٹم کیمپ نے ایک خصوصی سیشن منعقد کیا جس میں تعلیمی ماحول میں ڈیٹا کے استعمال پر بات کی گئی۔ اس کے علاوہ طلبہ کو اکیڈیمک، رویے اور ڈیموگرافک ڈیٹا کا جائزہ لینے کی اہمیت بتائی گئی۔ ورکشاپ میں نئی ٹیکنالوجیز دکھائی گئیں، جیسے اے آئی کا لائیو مظاہرہ اور طلبہ کی کارکردگی کی پیش گوئی کرنے کی عملی مشق۔
کنگ عبدالعزیز اینڈ ہِز کمپینیئز فاؤنڈیشن فار گفٹڈنیس اینڈ کریئیٹیوٹی (موھبہ) نے طلبہ کی یونیورسٹی میں داخلے اور بین الاقوامی امتحانات میں رہنمائی کے لیے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
ڈیٹا انجینیئرنگ اور اے آئی ڈویلپرز کے نئے طلبہ اور علم کے شوقین افراد بھی ورکشاپس سے مستفید ہوئے۔ ایمازون نے ایک سیشن منعقد کیا جس میں آے ائی کے ذریعے مواد بنانے پر توجہ دی گئی اور شرکاء کو سکھایا گیا کہ کس طرح ایمازون نووا کینوس اور ایمازون نووا ریل کا استعمال کرتے ہوئے تصاویر تخلیق اور ایڈٹ کی جائیں، اور متن کے اشاروں اور انٹرایکٹیو نوٹ بکس کے ذریعے ویڈیوز بنائی جائیں۔
یہ اقدامات سعودی ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت اتھارٹی (سدایا) کی کانفرنس کے مقاصد پورے کرنے کی کوششوں کو ظاہر کرتے ہیں جس میں عالمی معیار کی صلاحیتیں تیار کرنا، تھیوریٹیکل اور عملی کام کو ملانا اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ چلنا شامل ہے۔

شیئر: