Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے چھ سکولوں کو بم کی دھمکی، بچوں کو سکول نہ بھیجنے کی ہدایت

حکام کے مطابق سکولوں کو خالی کروا کے تلاشی کا کام شروع کر دیا گیا ہے (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا میں چھ سے زائد نجی سکولوں میں بم کی موجودگی کی دھمکی موصول ہونے پر سکولوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔
ٹریبیون انڈیا کے مطابق بدھ کی صبح گروگرام کے سکولوں کو ایک ای میل موصول ہوئی جن میں سکول میں بم رکھے جانے کی اطلاع دی گئی تھی۔ جس کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ اور پولیس نے مل کر آپریشن شروع کر دیے ہیں، جن میں سراغ رساں کتوں کی خدمات بھی لی جا رہی ہیں۔
جن سکولوں کو دھمکی آمیز پیغامات ملے ان میں لانسرز، ہیریٹیج ایکسپیریمنٹل لرننگ سکول، شیو نادر سکول، شری رام اراوالی اور دوسرے سکول شامل ہیں۔
سکولوں کے حکام کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز ای میل صبح سات تج کر 10 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی۔
یہ دھمکی اس وقت سامنے آئی جب بسیں بچوں کو لے کر سکوک پہنچ رہی تھیں اور فوراً ہی والدین کو مطلع کیا گیا کہ وہ بچوں کو سکول نہ بھجوائیں جبکہ جو بچے سکول پہنچ چکے تھے ان کو واپس بھجوا دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیموں کو فوراً روانہ کیا گیا جو سکیورٹی پروٹوکول کے تحت تلاشی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اسی طرح دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں اور تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ایک سینیئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ابھی تک کی تلاش کے دوران ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے تاہم پولیس اور دوسرے تفتیشی حکام صورت حال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس ایڈریس سے ای میلز بھیجی گئیں اس کی جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے۔
شہر کی انتظامیہ نے بچوں کے والدین کو پرسکون رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بچوں کے تحفظ اور مشکوک مواد ڈھونڈنے کے ضمن میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جا رہی۔
خیال رہے انڈیا میں پہلے بھی ایئرپورٹس، سکولوں اور دوسرے مقامات کے علاوہ جہازوں میں بم رکھے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوتی رہتی ہیں، جن کے بعد انتظامیہ حرکت میں آ جاتی ہے تاہم زیادہ تر واقعات میں ایسی اطلاعات غلط ثابت ہوتی ہیں تاہم انتظامی حکام کا کہنا ہے کہ ایسی کسی بھی دھمکی کے بعد ہر لحاظ سے تسلی کی جاتی ہے تبھی اس مقام کو کلیئر قرار دیا جاتا ہے۔

شیئر: