پی ایس ایل 11 کے لیے کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں تبدیلی، کس نے ترقی پائی؟
بدھ 28 جنوری 2026 13:29
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ریٹین کرنے کی اجازت ہوگی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے 89 مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں تبدیلی کرتے ہوئے ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سمیت پانچ کھلاڑیوں کو پلاٹینم کیٹیگری میں ترقی دی ہے۔
پلاٹینم کیٹیگری میں ترقی پانے والے دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، محمد نواز، حسن علی اور ابرار احمد شامل ہیں۔
آئندہ مرحلے میں ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ چار کھلاڑی برقرار رکھ سکے گی، تاہم ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ریٹین کرنے کی اجازت ہوگی۔
ریٹینشن کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ٹیمیں پہلی بار منعقد ہونے والی پی ایس ایل پلیئر آکشن کے ذریعے اپنی سکواڈز مکمل کریں گی، جو بدھ 11 فروری کو منعقد ہوگی۔
پلاٹینم میں ترقی پانے والے کھلاڑیوں میں صرف صاحبزادہ فرحان اس سے قبل گولڈ کیٹیگری میں شامل تھے، جبکہ دیگر چار کھلاڑی ڈائمنڈ کیٹیگری سے ترقی پا کر پلاٹینم میں آئے ہیں۔
شاداب خان، نسیم شاہ، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، حارث رؤف، بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فہیم اشرف اور محمد عامر وہ کھلاڑی ہیں جو ایچ بی ایل پی ایس ایل X میں بھی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل تھے اور رواں سیزن میں بھی اسی کیٹیگری میں برقرار رہے ہیں۔
ڈائمنڈ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 11 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے تین تین، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے دو دو، پشاور زلمی کا ایک جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔
محمد سلمان مرزا، سفیان مقیم اور محمد وسیم جونیئر وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے گولڈ سے ترقی پا کر ڈائمنڈ کیٹیگری میں جگہ بنائی ہے۔
رواں سیزن میں گولڈ کیٹیگری میں شامل 32 کھلاڑیوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے چار چار، کراچی کنگز کے آٹھ، پشاور زلمی کے چھ جبکہ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ پانچ کھلاڑی شامل ہیں۔
سلور کیٹیگری میں ملتان سلطانز کے سات، لاہور قلندرز کے تین، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے دو دو جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔
ایمرجنگ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 14 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے تین تین، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے دو دو جبکہ لاہور قلندرز کا ایک کھلاڑی شامل ہے۔
حنین شاہ، عبید شاہ، مرزا مامون امتیاز، محمد نعیم اور محمد عذاب وہ کھلاڑی ہیں جو ایمرجنگ سے ترقی پا کر سلور کیٹیگری میں آئے ہیں، جبکہ حسن نواز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹین میں ایمرجنگ کیٹیگری میں شمولیت کے بعد ترقی پا کر گولڈ کیٹیگری میں جگہ بنا لی ہے۔

مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں تجدید
اسلام آباد یونائیٹڈ
شاداب خان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، محمد نواز، عماد وسیم تمام پلاٹینم کیٹیگری میں ہیں۔
اعظم خان، حیدر علی، سلمان ارشد، رومان رئیس تمام گولڈ میں ہیں۔ محمد فائق، حنین شاہ سلور میں جبکہ سعد مسعود، محمد شہزاد، محمد غازی غوری ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل ہیں۔
کراچی کنگز:
حسن علی پلاٹینم جبکہ محمد عباس آفریدی اور شان مسعود ڈائمنڈ کیٹیگری میں ہیں۔ خوشدل شاہ، عامر جمال، محمد عرفان خان، میر حمزہ، زاہد محمود، عمیر بن یوسف، شہنواز دھانی، عرفات منہاس تمام گولڈ کیٹیگری میں ہیں۔ مرزا مامون امتیاز سلور جبکہ محمد ریاض اللہ، فواد علی، سعد بیگ ایمرجنگ کیٹیگری میں ہیں۔
لاہور قلندرز:
شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، حارث رؤف تمام پلاٹینم کیٹیگری میں ہیں۔ عبداللہ شفیق، محمد سلمان مرزا ڈائمنڈ کیٹیگری میں ہیں۔ زمان خان، جہانداد خان، آصف آفریدی، آصف علی گولڈ کیٹیگری میں ہیں۔ محمد اخلاق، محمد نعیم، محمد عذاب سلور میں اور مومن قمر ایمرجنز کیٹیگری میں ہیں۔
ملتان سلطانز:
محمد رضوان پلاٹینم کیٹیگری میں ہیں۔ اسامہ میر، افتخار احمد، عثمان خان ڈائمنڈ کیٹیگری میں، کامران غلام، محمد حسنین، فیصل اکرم، عاکف جاوید، طیب طاہر گولڈ میں ہیں۔ یاسر خان، محمد عامر برکی، محمد جنید، ہمایوں الطاف، علی عمران، جہانزیب سلطان، عبید شاہ سلور کیٹیگری میں ہیں جبکہ شاہد عزیز، محمد ذوالکفال ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل ہیں۔
پشاور زلمی:
بابر اعظم اور صائم ایوب پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔ سفیان مقیم ڈائمنڈ کیٹیگری میں ہیں۔ محمد حارث، محمد علی، عبدالصمد، حسین طلعت، احمد دانیال اور احسان اللہ گولڈ کیٹیگری میں شامل ہیں۔ عارف یعقوب اور مہران ممتاز سلور کیٹیگری میں ہیں جبکہ عبداللہ فضل، علی رضا اور معاذ صداقت ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز:
فہیم اشرف، محمد عامر اور ابرار احمد پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔ سعود شکیل، محمد وسیم جونیئر اور عثمان طارق ڈائمنڈ کیٹیگری میں ہیں۔ خرم شہزاد، حسیب اللہ خان، خواجہ محمد نافع، حسن نواز اور دانش عزیز گولڈ کیٹیگری میں شامل ہیں۔ علی مجید سلور کیٹیگری میں ہیں جبکہ محمد ذیشان اور شمیل حسین ایمرجنگ کیٹیگری میں شامل ہیں۔
