Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منزل پانے کیلئے حکومتی پالیسیاں 5برس تک جاری رکھنا ہونگی، احسن اقبال

غداری کے سرٹیفکیٹ جاری کرنیکا سلسلہ بند اور پختہ سیاست کی طرف جانا چاہئے
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی وجہ سے ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ ملک صنعتی اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ منزل کو حاصل کرنے کےلئے ضروری ہے کہ آئندہ 5 برس تک حکومتی پالیسوں کے تسلسل کو جاری رکھا جائے۔ عمرہ کی ادائیگی کے بعد جدہ آمد کے موقع پر اخبار نویسوں سے گفتگو کر تے ہوئے انہو ںنے مزید کہا عمران خان اور اپوزیشن نے جو اقتصادی منصوبہ دیا ہے وہ پانی سے گاڑی چلانے کے مترادف ہے ۔ وہ آسمان سے تارے توڑنے کی باتیں کرتے ہیں جو حقیقت کی دنیا میں نہیں ہوسکتا ۔ پاکستان معاشی ترقی اور تعمیر کے جس دور سے گزر رہا ہے اس کے لئے ہم کسی تبدیلی کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔ عوام اس حقیقت کو جانتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے گزشتہ برسوں میں کیا کچھ کیا ہے اس لئے آئندہ بھی عوامی مینڈیٹ ہماری جماعت کے پاس ہی رہے گا ۔ ہماری جماعت کے خلاف تمام سازشیں ناکام ثابت ہو نگی ،آنے والا وقت اس بات کو ثابت کر دے گا ۔نگران وزیر اعظم کے سوال پر انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ( ن) نے جو نام دیئے ہیں انہیں سب نے سراہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ جلد ہی یہ مرحلہ بھی اتفاق رائے سے حل ہو جائے گا ۔ متحدہ مجلس عمل سے انتخابی اتحاد کے سوال پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کسی قسم کا انتخابی اتحاد بنانے کا ارادہ نہیں رکھتی ۔ ہمارا ترقیاتی ایجنڈا ہی ہماری کامیابی کا سبب ہے ۔ جنرل درانی کی معترضہ کتاب کے حوالے سے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس بارے میں قومی اداروں کو جائزہ لینا چاہئے ۔ اب ہمیں پختہ سیاست کی طرف جانا چاہئے اور غداری کے سرٹیفیکٹ بانٹنے کا سلسلہ بند کرنا چاہئے ۔
 

شیئر: