Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خدمت اور برکتیں

زبیر پٹیل۔ جدہ
مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کےلئے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل دھڑکتے ہیں۔دنیا بھر کے مسلمان پانچوں وقت نمازکیلئے خانہ کعبہ کا رخ کرتے ہیں۔ ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ اسے خانہ کعبہ کی زیارت نصیب ہو اور وہ حرمین شریفین میں حاضری کی سعادت حاصل کرسکے۔
عمرہ، زیارت و حج پر آنے والوں کی سعودی عوام و حکومت جس قدر خدمت کرتے ہیں وہ بلاشبہ کسی تعارف کی محتاج نہیں۔رمضان المبارک میں عمرہ اور حج کے دوران عازمین کی جس قدر خدمت کی جاتی ہے ،وہ اس حوالے سے ہر مرتبہ ایک نئے ریکارڈکی آئینہ دار ہوتی ہے۔ یہ تاریخ اسلئے بنتی ہے کہ معتمرین، زائرین اور عازمین کو اس قدر بہترین اور نت نئی خدمات پیش کی جاتی ہیں کہ آنے والے زائرین خود کو مملکت میں اکیلا محسوس نہیں کرتے اور وہ ہر وقت اپنے پیاروںسے بھی انٹرنیٹ اور دیگر سہولتوںکے ذریعے قریب رہتے ہیں۔ 
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ، حرمین شریفین آنے والوں کی خدمت کیلئے اپنا دن رات ایک کئے رہتے ہیں اور ہر آنے والے دن کے ساتھ خدمات کا دائرہ اور معیار بڑھتا ہی جاتا ہے جس پر مملکت آنے والے عمرہ اور حج کے عازمین خوشی سے سرشار اور اچھے جذبات اور یادوں کیساتھ اپنے ملکوں کو روانہ ہوتے ہیں۔ یہ مملکت ہی ہے جو دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کی خدمت کو اپناشعار بنائے ہوئے ہے ۔رمضان المبارک میں حرمین آنے اور جانے کیلئے شٹل سروس کا انتظام بھی ایک بہترین سروس ہے۔یہ خدمت کی نیت اور اخلاص ہی ہے جسکے باعث اللہ پاک مملکت کو دن رات کامیابی کی منزلوں کی جانب رواں دواںر کھے ہوئے ہے اور آج مملکت دنیا بھر کے مسلمانوں کی آنکھوں کا تارا ہے۔ دعا ہے کہ ماہ مبارک کی برکتوں کے طفیل اسے دن رات یونہی ترقی اور کامرانی نصیب ہو،آمین۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 

شیئر:

متعلقہ خبریں