Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر آباد ’’بھوت ٹاورز‘‘ 15سیکنڈ میں منہدم

 شانڈونگ..... گھروں ، عمارتوں او رمحلات کی تاریخ بتاتی ہے کہ اگر حالات ساز گار نہ ہو ں تو انکا کوئی فائدہ نہیں ہوتا بلکہ نقصان ہی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں دیکھنے میں آیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ 2007ء میں بڑی شان و شوکت کے ساتھ یہاں پر دو عالیشان ٹاورز تعمیر کئے گئے تھے مگر ان ٹاورز کی قسمت میں آبادی نہیں تھی اس لئے یہ برسہا برس تک ویران پڑے رہنے کے بعد منہدم کردیئے گئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ ٹاورز اس علاقے میں ایک بڑے رہائشی منصوبے کا حصہ تھے مگر عین اس وقت جب یہ عمارت کھڑی ہوگئی اور اسے آخری شکل صورت دینے کا مرحلہ آیا تو  بلڈر دیوالیہ ہوگیا اور وہ پروجیکٹ چھوڑ کر بھاگ گیا۔ اس کے بعد کسی نے اس جانب توجہ نہیں دی۔ اب  مقامی باشندوں کی شکایت کے بعد حکام نے  ان ٹاورز کو منہدم کردیا ہے جسے تعمیر کرنے میں تقریباً2سال کا عرصہ لگا تھا مگر یہ ٹاورز 15سیکنڈ میں زمیں بوس ہوگئے۔ برسوں تک ویران رہنے والے ان ٹاورز کو لوگوں نے اب بھوت ٹاورز کہنا شروع کردیا تھا۔ واضح ہوکہ مشرقی چین کے اس حصے میں کئی دوسری رہائشی عمارتیں بھی نامکمل رہنے کی وجہ سے خالی پڑی ہیں۔ گرائے جانے والے ٹاور 30منزلہ تھے۔ یہ  ٹاورز وستاریا بے پروجیکٹ کے نا م سے مشہور تھے اور یانتائی کی بندرگاہ سے چند گز کے فاصلے پر واقع تھے۔ ٹاورز کی تعمیر میں جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں نے حصہ لیا تھا مگر 2009ء کے عالمی اقتصادی انحطاط نے ٹھیکیداروں کو اس سے دستبردار ہو جانے پر مجبور کردیا۔ ٹاور منہدم کئے جانے کی جو  وڈیو جاری ہوئی ہے اس میں چاروں جانب گردو غبار کا طوفان نظر آتا ہے اور کچھ عمارتی ڈھانچے بھی زمین پر گرتے نظر آتے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہناہے کہ اس کی وجہ سے علاقے میں زبردست آلودگی پھیل گئی۔
مزید پڑھیں:- - - -لیباریٹری میں تیار کئے گئے ہیرے صرف 10فیصد قیمت میں دستیاب

شیئر: