Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگاپور ایئرلائنز دنیا کی سب سے لمبی پرواز چلانے کا اعزاز حاصل کریگی

 سنگاپور.... سنگاپورکی قومی فضائی کمپنی سنگاپور ایئرلائنز نے دنیا کی سب سے لمبی پرواز شروع کرنے کا اعزازحاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ یہ پرواز 18گھنٹے او ر35منٹ کی ہوگی اور اس کی تکمیل میں طیارے کو 10300میل کا سفر کرنا پڑیگا۔ جبکہ سردست یہ دنیا کی سب سے لمبی پرواز قطر ایئرلائنز کی ہے۔ جو آکلینڈ سے دوحہ کے درمیان چلتی ہے اور پرواز نمبر921کے نام سے جانی جاتی ہے۔ چانگی سے نیویارک پرواز ابھی شروع نہیں ہوئی ہے مگر خواہشمند مسافروں کی بڑی تعداد سامنے آچکی ہے جو اس کی پہلی پرواز سے سفر کے خواہشمند ہیں۔ سنگاپور ایئرلائنز کی نئی پرواز میں جو طیارہ استعمال ہوگا وہ ایئر بس کا لانگ رینج 8350-900 یو ایل آر ہے۔ جس میں 161مسافروں کی گنجائش ہوگی جس میں 67بزنس کلاس کی نشستیں ہونگی اور 54پریمیئم کلاس کی ہوگی۔ واضح ہو کہ سنگاپور ایئرلائنز 2004ء سے  2013ء تک اسی روٹ پر ایک پرواز چلاتی رہی ہے مگر اس روٹ پر آمدنی کم ہونے کی وجہ سے بعد میں اس منصوبے کو  اس نے ترک کردیا تھا تاہم اب سنگاپور ایئرلائنز اپنی آمدنی میں اضافے کے لئے دوسرے وسائل اور ذرائع پر کامل یقین رکھتے ہوئے اس عظیم الشان منصوبے کی تیاری میں مصروف ہوگئی ہے۔ کمپنی کا کہناہے کہ لمبی پروازوں کیلئے دنیا کی بڑی بڑی فضائی کمپنیوں کے درمیان صحت مند مسابقت کی دوڑ شروع ہوگئی ہے چونکہ یہ لمبی پروازیں براہ راست ہونگی اس لئے ان پر لاگت بھی کم آئیگی اور یہی لاگت کمپنی کی آمدنی میں نمایاں اضافے کا سبب بنے گی۔ سنگاپور ایئرلائنز سنگاپور سے لاس اینجلس کے لئے اسی قسم کا طیارہ استعمال کرنے پر غور کررہی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - - لیباریٹری میں تیار کئے گئے ہیرے صرف 10فیصد قیمت میں دستیاب

شیئر: