سعودی عرب کے کئی علاقوں میں آج سے آئندہ اتوار تک بارشوں اور ژالہ باری کا امکان
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے بیشتر علاقوں میں آج بدھ 11 مارچ سے آئندہ اتوار تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
بیان کے مطابق ’مختلف میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جاری کردہ ہدایات پر عمل جائے۔ ‘
مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کا امکان ہے، سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
بیان میں ریاض ریجن میں بھی درمیانے درجے سے شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مدینہ منورہ، الباحہ، عسیر، حائل، الشرقیہ، قصیم، حدود الشمالیہ، تبوک اور الجوف ریجن کے علاقے درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہیں گے۔ سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
جبکہ نجران اور جازان ریجن کے علاقے میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
