Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہیری کین فٹبال کی دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے

لندن: انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان اور انگلش کلب ٹوٹنہم ہوٹسپر کے معروف کھلاڑی ہیری کین کو دنیائے فٹبال میں سب سے زیادہ قدروقیمت والا کھلاڑی قرار دیا گیا ہے جبکہ انگلش پریمیئر لیگ میں ان کے حریف اور مصر و لیور پول کے کھلاڑی محمد صلاح اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ ہسپانوی کلب رئیل میڈرڈ کومسلسل تیسری مرتبہ چیمپیئنز لیگ ٹائٹل دلانے والے پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو اس تناظر میں24واں نمبر ملا ہے۔ ہیری کین کی قدر 176ملین پونڈ بتائی گئی گئی ہے جبکہ 198ملین پونڈ کی ٹرانسفر فیس کا ریکارڈ بنانے والے برازیلی فٹبالر نیمار دوسرے نمبر ہیں اور ان کی موجودہ قدر171ملین پونڈ ہے ۔ فرانس کے کیلیان مباپے 163ملین پونڈ کی قدر رکھتے ہیں اور ارجنٹائن و بارسلونا کے لائنل میسی ،لیور پول کے لئے کھیلنے والے مصر کے محمد صلاح چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے ہیں۔ ان کی قدر با لترتیب 161اور150ملین بتائی گئی ہے۔33سالہ کرسٹیانو رونالڈو 100فٹبالرز کی اس فہرست میں سب سے معمر کھلاڑی ہیں ۔ برطانوی ادارے نے ان فٹبالرزکی یہ قدروقیمت ان کے کھیل، ملنے والے اسپانسرز اور مقبولیت کے تحت مقرر کی ہے اور اس سیزن میں یہ کھلاڑی کسی اور کلب میں ٹراسفر ہوتے ہیں تو ان کی کم از کم قیمت یہی ہو سکتی ہے لیکن حقیقی صورتحال کہیں زیادہ قیمت کی صورت میں سامنے آسکتی ہے جس میں ایسے بے شمار امور کارفرما ہو سکتے ہیں جو ان فٹبالرز کی ٹرانسفر فیس میں غیر معمولی اضافہ کردیتے ہیں۔ 

شیئر: