Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

”ایونٹس ایرینا“‘ اگست میں میوزیکل کنسرٹ کریگا، نامور پاکستانی فنکار مدعو

سعودی وژن2030 کے تحت سینما کی بحالی اورثقافتی پروگرام ہونگے، پاک میڈیافورم بھی شریک کار ہوگا، پاکستانی نوجوانوں کے خصوصی تقریب میں عزائم
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) پاکستانی نوجوانوں کی تنظیم” ایونٹس ایرینا “کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کمیونٹی کے سرکردہ مردو خواتین نے بھی شرکت کی۔ایونٹس ایرینا کی تقریب کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کو اچھی اور معیاری تفریح مہیا کرنا ہے ۔اس حوالے سے ایونٹس ایرینا کے صدرسلمان عبدالوحید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی نوجوان مختلف تفریحی پروگرام کا انعقاد کرتے رہتے ہیں ۔سعودی ویژن 2030 کے تحت سنیما کی بحالی اور ثقافتی پروگرامز کے آغاز کے بعد اب پاکستانی گلوکاروں اور فنکاروں کو بھی یہاں بلایا جائےگا اور پاکستانی کمیونٹی کےلئے بہتر پرو گرامز ترتیب دئیے جائینگے۔مئی کی طرح اگست میں بھی میوزیکل کنسر ٹ کروانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان کے نامور فنکار شرکت کرینگے ۔جس طرح ہمارے پہلے میوزیکل کنسرٹ کو کمیونٹی نے خوب پذیرائی بخشی اور ہمارا حوصلہ بڑھایا آئندہ بھی ہمیں یقین ہے کہ کمیونٹی کی جانب سے ہمیں اسی طرح پیار اور محبت ملتی رہے گی۔ ایونٹس ایرینا کے اطہر شاہ کا کہنا تھا کہ عاصم اظہر کا میوزیکل کنسرٹ ہمارا پہلا پروگرام تھا جس سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے۔مستقبل میں ہم بہتر انداز سے کام کر سکیں گے۔ڈاکٹر سعید وینس،حنیف بابر اور ام ریاض ساجدہ چوہدری نے نوجوانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایونٹس ایرینا ایک خوبصورت اضافہ ہے۔ اس سے ہمیں اچھے تفریحی پروگرام دیکھنے کو ملے اور آئندہ بھی اس کی توقع رکھتے ہیں۔ بلیک سنیما پروڈکشن کے صدر بلال ارشد نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ ایونٹس ایرینا نے جیسا سوچا ویسا ہی کر دکھایا۔ بلیک سنیما کے عادل شیخ، سعودی پریمیئر لیگ کے رانا عرفان ، پاکستان یوتھ فورم کے گل زیب کیانی اور کامران ملک نے بھی ایونٹس ایرینا کے کردار اور ان کی پرفارمنس کو سراہا اور انہیں مستقبل کی کامیابیوں کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاک میڈیا فورم کے صدر الیاس رحیم نے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ نوجوانوں کی صلاحیت کو نکھارنے کی کوشش کی ہے اور شہر ریاض میں کمیونٹی تقریبات کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے پروگرامز کو بھی بھرپور کوریج دی اور پاک میڈیا فورم آئندہ بھی ایونٹس ایرینا کا میڈیا پارٹنر ہوگا۔تقریب کے آخر میں عاصم اظہر کے کنسرٹ کو کامیاب بنانے والے مختلف افراد میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔تقریب سے سوشل میڈیا ٹیم کے انچارج احمد حسن کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا اور احمد حسن، شیخ حمزہ اور فیصل میر نے بھی خطاب کیا۔
 

شیئر: