Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ وارم اپ میچ :فلسطینی بچوں کا احتجاج رنگ لے آیا

 
بیونس آئرس:فلسطینی بچوں کے زبردست احتجاج کے نتیجے میں مقبوضہ بیت المقدس میں کھیلا جانے والاارجنٹائن اور اسرائیل کا ورلڈ کپ وارم اپ میچ منسوخ کردیا گیا ہے ۔ 9جون کو ہونے والے اس میچ کے اعلان کے بعد سے فلسطین نے سخت احتجاج شروع کر رکھا تھا جبکہ درجنوں فلسطینی بچوں نے ارجنٹائنی کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو خط لکھ کر اس میچ میں شرکت نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ فلسطینی حکومت نے بھی ہر سطح پراحتجاج کا سلسلہ شروع کرر کھا تھا۔ گزشتہ روز یہ احتجا ج رنگ لے آیا اور ارجنٹائن نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ ارجنٹائن کے اسٹرائیکر گونزالو ہنگوئین نے کہا کہ ہم نے درست فیصلہ کرلیا ہے اور ساتھ ہی تصدیق کی کہ ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کیا جاچکا ہے۔ ارجنٹائن کی فٹبال ٹیم کے کپتان لیونل میسی کی ہدایت پر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے ساتھ ہونے والا میچ منسوخ کیا گیا ۔ فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر جبریل رجب کا بھی کہنا تھا کہ لیونل میسی امن اور پیار کی علامت ہیں، اس لیے ہم نہیں چاہیں گے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں کھیلے جانے والے میچ کا حصہ بنیں۔ مذکورہ اعلان کے بعد فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن (پی ایف اے) کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں انہوں نے میچ منسوخ کرنے پر ارجنٹائن کے کپتان اور اسٹار فٹبالر لیونل میسی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔پی ایف اے کے چیئرمین کے اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پی ایف اے ارجنٹائن کے کپتان اور کھلاڑیوں کا کھیلوں کےخلاف مہم کا حصہ بننے سے انکار پر بے حد مشکور ہے۔

شیئر: