Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں گرین پروفیشنل فورم کی تقریب

    ریاض ( ذکاء اللہ)- - - -گرین پروفیشنل فورم کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز، انجینیئرز، آئی ٹی اسپیشلسٹ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے درجنوں افراد نے بھرپور شرکت کی۔
     مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی پروفیشنلز کی خدمات ہمیشہ نمایاں ر ہیں اور تمام شعبوں میں پاکستانیوں نے گراں قدر سرگرمیاں سرانجام دی ہیںجن کو سفارت خانہ پاکستان اور سعودی حکومت بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔سعودی عرب آنے والے افراد کو چاہئے کہ وہ کمپنی کے ساتھ ایگریمنٹ کو اچھے طریقے سے جانچ پڑتال کے بعد سائن کریں اور آزاد ویزہ لینے سے مکمل اجتناب کریں کیونکہ آزاد ویزہ کا کوئی تصور یہاں نہیں اور نہ ہی سعودی عرب کا قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔
    گرین فورم کے مرکزی صدر میاں بلال نے بتایا کہ ان کا فورم گزشتہ 3سال سے سارے سعودی عرب میں ایسی کئی ٹریننگ ورکشاپس کا انعقاد کر چکا ہے جس میں غیر ہنر مند افراد کو ہنر مند بنانے کے اقدامات کیے گئے جبکہ جو ہنر مند افراد ہیں ان کو انکے کام کے حوالے سے جدت سے آگاہ کیا گیا ہے جس سے انکے کام میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے۔
     گرین پروفیشنل فورم کے جنرل سیکریٹری چوہدری محمد افضل کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ سعودی عرب میں موجود ورکرز کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں۔ہماری خواہش ہے کہ سعودی عرب میں جہاں بھی کسی کمپنی کو ورکرز کی ضرورت ہو وہاں پاکستانی ورکرز کی خدمات کو فروغ ملے کیونکہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے اور اس کے ساتھ ہمارے مذہبی اور جذباتی رشتے استوار ہیں۔
     تقریب سے عدیل اسلم خان نے بھی خطاب کیا اور فورم کے متعلق آگاہ کیا۔تقریب میں نظامت کے فرائض محمد ناصر علی نے ادا کیے جبکہ تلاوت کلام پاک انجینیئرعبدالروف اور نعت رسول مقبول کی سعادت فیصل قدوس قریشی نے حاصل کی۔
مزید پڑھیں:- - - -کویت میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

شیئر: