Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسام :چوہوں نے اے ٹی ایم میں 12لاکھ روپے کتر ڈالے

    آسام- - - -  ہند میں ہزاروں لیٹر شراب پینے اور سیلاب کی تباہی کا سبب ہونے کے الزامات کے بعد اب چوہوں پر لاکھوں روپے کترنے کا الزام لگا ہے۔ ہند کی شمال مشرقی ریاست آسام میں جب ٹیکنیشنز نے ایک خراب اے ٹی ایم کو ٹھیک کرنے کے لیے  کھولا تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔انھیں 12 لاکھ سے زیادہ مالیت کے نوٹ کترے ہوئے ملے اور ان کے مشتبہ مرتکبین کے طور پر چوہوں کے سر الزام گیا۔ پولیس نے بتایا کہ شاید چوہے وائرنگ کے لیے بنے سوراخ کے راستے مشین میں داخل ہو گئے اور انھوں نے کرنسی نوٹ کو کتر دیا۔یہ واقعہ آسام کے تینسکیا ضلع میں ا سٹیٹ بینک آف انڈیا کے ایک اے ٹی ایم میں پیش آیا۔ اس کی تصویر سوشل میڈیا بطور خاص ٹوئٹر پر وسیع پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے۔ پولیس اہلکار پرکاش سونووال نے بتایا کہ مشین گزشتہ 12 دنوں سے خراب تھی۔جن ٹیکنیشنز نے مشین کھولی انھوں نے 2000 اور 500 کے کرنسی نوٹوں کو بڑی تعداد میں کترا ہوا پایا۔ ایس بی آئی میں اے ٹی ایم کے چینل منیجر چندن شرما نے بتایا کہ خراب ہونے سے قبل اس مشین میں 29 لاکھ روپے ڈالے گئے تھے۔انھوں نے کہا کہ 17 لاکھ روپے بغیر کترے بچ گئے جبکہ 12 لاکھ 38 ہزار مالیت کے روپے کو نقصان پہنچا ہے۔اس سے قبل ہندکی شمال مشرقی ریاست میں چوہوں پر ضبط کی جانے والی ہزاروں لیٹر شراب پینے کا الزام لگایا گیا تھا۔ریاست بہار نے  2016 ء میں شراب کی فروخت اور شراب نوشی پر پابندی عائد کر دی تھی اور تقریباً ایک سال کے دوران پولیس نے 9 لاکھ لیٹر شراب ضبط کی تھی۔اسکے علاوہ ستمبر 2017 میں بہار میں سیلاب سے آنے والی تباہی کا سبب بھی چوہوں کو بتایا گیا تھا۔بہار کے اس وقت کے آبی وسائل کے وزیر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے ایک ریویو میٹنگ میں بتایا کہ بہار میں سیلاب کی تباہی کا اصل سبب چوہے ہیں۔انھوں نے میڈیا کو بتایاکہ سیلاب کے پانی کے بند توڑ کر نکلنے کا اصل سبب چوہے ہیں۔ بطور خاص کملا بالن دریا کے بند کے پاس رہنے والے لوگ اپنا اناج بند پر مچان بنا کر رکھتے ہیں جس سے وہاں چوہے آتے ہیں اور چوہے بند میں سوراخ بناتے ہیں جس کے نتیجے میں یہ تباہی ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -یوپی: خوفناک سڑک حادثہ، 6افراد ہلاک

شیئر: