Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر مساوی شادی کی افواہیں ’توہین آمیز‘، عالیہ بھٹ نے اپنی سوشل میڈیا ٹرولنگ پر کیا کہا؟

عالیہ بھٹ نے اِن دعوؤں کو رد کیا کہ شادی میں اُن کی اپنی مرضی اور فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں (فائل فوٹو: آئی اے این ایس)
معروف بالی وُڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے رنبیر کپور کے ساتھ اپنی شادی کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں پر شدید ردِعمل ظاہر کیا ہے۔ اداکارہ نے اِن افواہوں کی تردید کی ہے کہ وہ ایک ’غیر مساوی شادی‘ میں ہیں اور اِن باتوں کو ’توہین آمیز‘ قرار دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق عالیہ اور رنبیر کو اکثر اپنے بیانات کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا ہیں۔ ٹائم میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے عالیہ نے بعض مداحوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے اِس نظریے کو مسترد کردیا کہ وہ ایک ’غیر مساوی شادی‘ میں مظلوم ہیں۔
عالیہ اور رنبیر نے طویل عرصے تک ایک دوسرے سے تعلق میں رہنے کے بعد سال 2022 میں شادی کی تھی۔ دونوں اداکاروں کی ایک بیٹی راہا بھی ہے۔
ٹائم میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں عالیہ نے اِن دعوؤں کو رد کیا کہ شادی میں اُن کی اپنی مرضی اور فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ فلم ’گنگوبائی کاٹھیاواڑی‘ میں دکھائی دینے والی اداکارہ نے کہا کہ ’میں ہمیشہ اِس بات کی حامی رہی ہوں کہ خواتین اپنی سوچ اور اپنے دل کی بات کو سمجھیں، چناں چہ مجھے ایک ایسے شخص کے طور پر پیش کرنا توہین آمیز ہے جو اس فرضی صورتِ حال میں خاموشی سے تکالیف برداشت کرے۔‘
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’رنبیر کے ساتھ اُن کی شادی کے بارے میں افواہیں اِس لیے مسلسل گردش کرتی رہتی ہیں کیوں کہ ان کا رشتہ شادی سے متعلق روایتی تصورات اور دقیانوسی سوچ کے مطابق نہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کسی بھی رشتے کی بنیاد یہ ہے کہ آپ کو بغیر کسی کوشش کے محسوس ہو کہ آپ کو سمجھا جا رہا ہے، اور کچھ کہے بغیر آپ کی بات سنی جا رہی ہے۔ میرے لیے رنبیر ایسا ہی ہے، اور یہی ہماری حقیقت ہے۔‘
عالیہ بھٹ کی پیشہ ورانہ ترجیحات
عالیہ نے کہا کہ ماں بننے کے بعد اُن کی پیشہ ورانہ ترجیحات تبدیل ہوئی ہیں۔ اداکارہ کو ٹائم میگزین کی جانب سے کاروبار، انٹرٹینمنٹ، سائنس اور دیگر شعبوں میں انڈیا کی مستقبل کی اُبھرتی ہوئی قیادت پر مشتمل اپنی پہلی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
عالیہ نے ٹائم میگزین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شادی اور والدین بننے کے بعد اب فلموں کے انتخاب میں اُن کی زیادہ توجہ تعداد کی بجائے معیار پر ہے۔
کام کے منصفانہ اوقات اور بہتر کارکردگی
اداکارہ فلمی صنعت میں کام کے بہتر اوقات کی ضرورت پر کھل کر بات کرتی رہی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ کام کے منصفانہ اوقات صنعت کو ’زیادہ مؤثر‘ بناتے ہیں۔ عالیہ بطور پروڈیوسر اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے فلمی صنعت کے رائج طریقوں میں تبدیلی لانے کی بھی خواہش مند ہیں۔

عالیہ اور رنبیر نے سال 2022 میں شادی کی تھی اور دونوں اداکاروں کی ایک بیٹی راہا بھی ہے (فائل فوٹو: فلم فیئر)

عالیہ نے کام کے اوقات پر انفرادی سطح کے اثر و رسوخ اور اختیار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ ’یہ من مانے طریقے سے طے نہیں کیے جا سکتے۔ کام کے منصفانہ اوقات کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں، اور لوگوں کو اپنی حدود طے کرنے پر ملازمت سے محروم ہونے کا خوف نہیں ہونا چاہیے۔‘
عالیہ بھٹ آخری بار فلم ’الفا‘ میں نظر آئیں، جس میں انہوں نے ایک جاسوس کا کردار ادا کیا۔ اب وہ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی آئندہ فلم ’لو اینڈ وار‘ میں دکھائی دیں گی، جس میں رنبیر کپور اور وکی کوشل بھی اداکاری کر رہے ہیں۔
عالیہ کی آنے والی فلموں میں ’تمباڈ 2‘ بھی شامل ہے۔

شیئر: