سعودی عرب کی روایتی غذائی ثقافت محفوظ بنانے کے لیے ملک گیر منصوبہ مکمل
سعودی عرب کی روایتی غذائی ثقافت محفوظ بنانے کے لیے ملک گیر منصوبہ مکمل
جمعہ 20 نومبر 2026 10:07
یہ پروجیکٹ کلچرل سیکٹر کی ڈیویلپمنٹ کے لیے وزارتِ ثقافت کے اہداف کو حاصل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے کلنری آرٹس کمیشن نے مملکت کے 94 شہروں اور گورنریٹس میں 1476 روایتی کھانوں، طریقوں اور دیگر متعلقہ عناصر کو محفوظ کرنے کا 42 مہینوں کا پروجیکٹ مکمل کر لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کمیشن نے بدھ کے روز بتایا کہ اس پروجیکٹ میں 2700 سے زائد افراد نے حصہ لیا جس کا مقصد نسل در نسل منتقل ہونے والی روایتی ترکیبوں، پکانے کے طریقوں اور کھانوں سے متعلق معلومات کو محفوظ بنانا ہے۔
اس منصوبے کا مقصد زبانی طور پر منتقل ہونے والی روایتوں کو تحقیق، تعلیم اور آئندہ نسلوں کے لیے تحریری مواد میں تبدیل کر کے روایتی سعودی ترکیبوں اور پکانے کے طریقوں کو محفوظ کرنا ہے۔
محققین نے مملکت بھر کی کمیونٹیز اور فیلڈ ذرائع سے کھانوں کی معلومات اکٹھی کیں اور ان نتائج کو ایک قومی حوالے کے طور پر مرتب کیا تاکہ تحقیق، تعلیم اور ثقافتی اقدامات کو سہارا دیا جا سکے۔
یہ پروجیکٹ کلچرل سیکٹر کی ڈیویلپمنٹ کے لیے وزارتِ ثقافت کے اہداف کو حاصل کرنے اور سعودی وژن 2030 سے نکلنے والی قومی ثقافتی حکمتِ عملی کا ساتھ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد سعودی پکوان کے تنوع اور ثقافتی خصوصیات کو اجاگر کرنا اور سعودی کھانوں اور ان کے اجزا کو علم، تخلیق اور معاشی مواقع کے ایک میدان کے طور پر متعارف کروانا ہے۔
کلنری آرٹس کمیشن کی سی ای او میادہ بدر نے عرب نیوز کو بتایا کہ یہ محفوظ شدہ عناصر اقدامات کو آگے بڑھانے، روایتی ترکیبوں کو دوبارہ زندہ کرنے اور مقامی اجزا کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے ایک بنیاد کا کام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ نتائج مملکت کے مختلف علاقوں میں موجود اجزا اور پکانے کے طریقوں کے ثقافتی تنوع کی عکاسی کرتے ہیں۔‘
میادہ بدر کے مطابق اس سے روایتی کھانوں کے طریقوں کو قائم رکھنے اور انہیں اگلی نسلوں تک منتقل کرنے میں مدد ملے گی (فوٹو: عرب نیوز)
انہوں نے مزید کہا کہ ’آنے والے سالوں میں بنیادی ترجیح اس ورثے کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر مصنوعات، ریستورانوں اور تقریبات کا حصہ بنانا ہے۔‘
میادہ بدر کے مطابق اس سے روایتی کھانوں کے طریقوں کو قائم رکھنے اور انہیں اگلی نسلوں تک منتقل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کمیشن تربیت، پروڈکٹ ڈیویلپمنٹ اور مارکیٹس تک رسائی کے ساتھ ساتھ فری کوکنگ لائسنس جیسے اقدامات کے ذریعے چھوٹے ریستورانوں کے مالکان اور گھریلو بزنس کی مدد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورکشاپس اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو روایتی سعودی کھانے پکانے کی ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ قدیم ترکیبوں کو جدید طریقوں سے جوڑا جا سکے اور ان کی ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔
اس پروجیکٹ میں 2700 سے زائد افراد نے حصہ لیا (فوٹو: عرب نیوز)
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی کھانوں کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی توجہ مل رہی ہے اور یہ مملکت کے مختلف علاقوں کے ماحول، جغرافیے اور ثقافتی تجربات کے تنوع سے ابھرنے والے منفرد تخلیقی عناصر کے حامل ہیں جو عالمی پکوانوں کے درمیان ان کے مقام اور شناخت کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔