Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز جیت لی

پاکستانی بیٹرز نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور حاصل کر لیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے ڈرا ہونے کے بعد میزبان ٹیم نے فیصلہ کن مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کی۔
پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جمعے کو میچ کے چوتھے روز سری لنکا اپنی دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکن بیٹر میلان رتھنائیکا 66  رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کی جانب سے نمایاں کارکردگی دکھائی، تاہم وہ اپنی ٹیم کو بڑی برتری دلانے میں ناکام رہے۔
پاکستان نے 90 رنز کا ہدف 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ عامر جمال 34 اور اذان اویس 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے اوپنر طیب عارف کو 13 اور محمد طحہٰ کو چار رنز پر کھو دیا، تاہم عامر جمال نے سپنر پربتھ جے سوریا کی گیند پر فاتحانہ چوکا لگا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ بھی راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جو ڈرا ہوگیا تھا۔
میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی 82 رنز کی برتری میں اضافہ کرنے کی کوشش کی۔ میلان رتھنائیکے نے چوکا بھی لگایا، تاہم دوسرے ہی اوور میں محمد عباس نے اسیتھا فرنینڈو کو دو رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے اننگز کا خاتمہ کر دیا۔
رتھنائیکے نے مزاحمت کرتے ہوئے 88 گیندوں پر 66 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے شامل تھے۔

یہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ دور میں پاکستان کی پہلی سیریز فتح ہےں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 55 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عامر جمال نے 67 رنز کے عوض تین اور رضا اللہ نے 116 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ دور میں پاکستان کی پہلی سیریز فتح ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ڈرا کی تھیں، جبکہ بنگلہ دیش کے ہاتھوں دو صفر اور انگلینڈ کے خلاف تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کے فاسٹ بولرز نے پچ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے دن سری لنکا کی پوری ٹیم کو 98 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔ اس کے بعد میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔

 

شیئر: