انڈین فضائیہ کے فعال رافیل طیاروں کی تعداد کم ہو کر 32 رہ گئی: رپورٹ
تازہ ترین جائزے میں سیریئم نے طیاروں کی تعداد میں اس مزید کمی کی وجوہات بیان نہیں کیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایوی ایشن سے متعلق برطانوی جریدے ’فلائٹ گلوبل‘ کی 2027 کی ’ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری‘ کے مطابق انڈین فضائیہ کے پاس موجود فعال (ایکٹو) رافیل لڑاکا طیاروں کی مجموعی تعداد کم ہو کر 32 رہ گئی ہے۔
برطانوی جریدے کا یہ نیا تخمینہ ’سیریئم‘ کے ملٹری فلِیٹ ڈیٹا بیس کی مدد سے مرتب کیا گیا ہے۔
یہ رپورٹ مئی 2025 میں ہونے والے ’آپریشن سندور‘ اور پاکستان کی جانب سے انڈین فوجی طیارے مار گرانے کے دعوؤں کے 18 ماہ بعد سامنے آئی ہے۔
تاہم انڈین اخبار ’دی ہندو‘ کی رپورٹ کے مطابق انڈیا کی وزارتِ دفاع کے ذرائع نے اس جائزے کی صداقت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ڈائریکٹری میں شائع ہونے والے یہ اعداد و شمار وزارتِ دفاع یا انڈین فضائیہ کی جانب سے فراہم نہیں کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ’سیریئم‘ کا کہنا ہے کہ فوجی طیاروں کا ڈیٹا اس کی ملٹری ریسرچ ٹیم مرتب کرتی ہے۔
ادارے کے مطابق دفاعی معلومات کی خفیہ نوعیت کے باعث اس پر تحقیق کرنا کمرشل طیاروں کے مقابلے میں زیادہ پیچیدہ ہوتا ہے، جہاں طیارہ ساز کمپنیوں کی معاونت اور فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا دستیاب ہوتا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر فوجی طیاروں کا ریکارڈ رکھنے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرتا ہے جن میں دفاعی پبلیکیشنز، اخباری مضامین، طیارہ ساز اداروں کے بیانات، سرکاری ذرائع، فوجی حادثات کی نگرانی اور مصدقہ مشاہدات کا جائزہ شامل ہے۔
مئی 2025 میں ’آپریشن سندور‘ کے دوران پاکستان اور انڈیا کے درمیان جھڑپ کے بعد فلائٹ گلوبل نے اپنے 2026 کے ایڈیشن میں انڈین فضائیہ کے فعال رافیل طیاروں کی تعداد 36 سے کم کر کے 35 کر دی تھی جو شواہد سے تصدیق شدہ ایک طیارے کے نقصان کی عکاسی کرتی تھی جبکہ پاکستان کے دیگر طیارے گرانے کے وسیع تر دعوؤں کو اس وقت غیر مصدقہ قرار دیا گیا تھا۔
تاہم تازہ ترین جائزے میں سیریئم نے طیاروں کی تعداد میں اس مزید کمی کی وجوہات بیان نہیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ 2016 میں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت انڈین حکومت نے فرانس سے مجموعی طور پر 36 رافیل لڑاکا طیارے خریدے تھے جن میں 28 سنگل سیٹ (ای ایچ) اور آٹھ ٹوئن سیٹ (ڈی ایچ) طیارے شامل تھے۔
اس کے برعکس ہوا بازی کی ڈائریکٹریز کے اعداد و شمار اور پاکستان کے دعوؤں کے تناظر میں بعض رپورٹس میں یہ نشاندہی بھی کی گئی ہے کہ رواں برس جون میں انڈین ایئر ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے جاری کردہ ایک ٹینڈر دستاویز (آر ایف پی) میں پانچ ماہ کے عبوری معاونتی معاہدے کے لیے بولیاں طلب کی گئی تھیں۔
