Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک ایس سی او ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے

2024 میں ایس جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک ایس سی او سِویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں اور وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں پاکستانی وفدکی قیادت کریں گے۔
ایس سی ا و سِویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں رکن ممالک کے مشترکہ تہذیبی ورثے اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال ہوگا۔ پاکستانی وفد کی شرکت کا مقصد علاقائی تہذیبی ورثے کے فروغ اور ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
مئی 2023 کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا پہلا دورہ
پاکستان کے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے درمیان دوطرفہ سفارتی و تجارتی تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں، اور گزشتہ برس پہلگام حملے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی عسکری و سفارتی کشیدگی کے نتیجے میں دونوں ممالک کے روابط مزید نچلی سطح پر آ گئے تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مئی 2023 میں پاکستان کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے انڈیا کی ریاست گوا میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی تھی، جو قریباً 12 برس بعد کسی پاکستانی وزیرِ خارجہ کا پہلا دورہ تھا۔
دوسری جانب انڈیا کا اعلیٰ ترین وزارتی دورہ اکتوبر 2024 میں دیکھنے میں آیا تھا جب وزیر وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے تھے، جو قریباً نو برس بعد کسی انڈین وزیرِ خارجہ کا پہلا دورۂ پاکستان تھا۔
تاہم دونوں ممالک نے ان دوروں کو دوطرفہ مذاکرات کی بحالی کا ذریعہ بنانے کے بجائے اپنی شرکت کو صرف علاقائی تنظیم کے ایجنڈے تک ہی محدود رکھا تھا۔

انڈیا میں پاکستانی وزیر کی نئی دہلی آمد پر حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

سفارتی مبصرین کے مطابق اگرچہ ڈاکٹر مصدق ملک کا حالیہ دورہ بھی خالصتاً شنگھائی تعاون تنظیم کے ایک کثیرالجہتی فورم کے تحت ہو رہا ہے اور اس کے ایجنڈے میں دوطرفہ مذاکرات شامل نہیں ہیں، تاہم کشیدہ ماحول میں وزارتی سطح کی یہ آمد و رفت خطے میں سفارتی رابطوں کے دروازے کھلے رکھنے کے حوالے سے اہم تصور کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب انڈیا میں پاکستانی وزیر کی نئی دہلی آمد پر حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ڈاکٹر مصدق ملک کے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بیانات بھی زیرِ بحث آ رہے ہیں۔
تاہم انڈیا کی وزارتِ خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو اس فورم میں شرکت کی دعوت تنظیم کے طے شدہ ضوابط کے تحت دی گئی ہے، جس کی میزبانی انڈیا کی وزارتِ ثقافت اور وزارتِ خارجہ مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔

شیئر: