Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیتاؤں کے استقبال کیلئے لوگوں نے تیار کیاجوتوں کا ہار

بھوپال۔۔۔۔عموماً مقامی رہنماؤں کے استقبال کیلئے علاقے کے لوگوں کو پھول نچھاور کرتے ہوئے دیکھا گیا لیکن چپلوں کے ہار سے نیتاؤں کا استقبال کرنا شاید ہی سنا ہوگا۔مدھیہ پردیش کے بھوپال میں کولار علاقے کے اوم نگر میں نیتاؤں کے استقبال کیلئے لوگوں نے جوتوں کا ہار تیار کیا۔ دراصل مانسون سے قبل شہریوں کی سہولتوں کیلئے سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے بڑے بڑے وعدے کئے تھے مگر ان نیتاؤں کی سردمہری اور وعدہ وفا نہ کرنے پر علاقے کے لوگوں نے پرانے جوتوں سے ہار تیار کرکے گھروں کی چھت پر لٹکا دیا گیا۔ مقامی تاجر راجیش مشرا نے بتایا کہ ابھی صرف ہلکی پھلکی بارش سے علاقے کا حال برا ہوگیا ہے۔ انہوں نے بھوپال میونسپل کارپوریشن اور نیتاؤں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنما صرف الیکشن کے زمانے میں یہاں آتے ہیں اور ووٹ مانگ کر چلے جاتے ہیں اور علاقے کی ترقی کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھاتے۔ علاقے میں رہنے والے گنیش بگھیل نے کہا کہ سوسائٹی میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے ۔سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں ۔ ہم نے میونسپلٹی کے اہلکاروں اور افسران سے شکایتیں کیں ، وارڈ ممبران سے بات چیت کی مگر ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ اس کے بعد علاقے کے لوگوں نے بطور احتجاج جوتوں کا ہار تیار کررکھا ہے جیسے ہی کوئی نیتا ، لیڈر یا پارٹی رہنما ووٹ مانگنے آئیں گے ان کا استقبال انہی جوتوں کے ہار سے کیا جائیگا۔
مزید پڑھیں:- - - -دہلی میں روزانہ 10عورتوں کا اغوا

شیئر: