موسم سرما کی تعطیلات میں عسیر کی وادیاں سیاحوں کی توجہ کا مرکز
محایل عسیر کمشنری میں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران اندرون مملکت سے سیاحت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
مختلف شہروں سے آنے والے سیاح عسیر کے دلکش مناظر اور یہاں کے سرد موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے دوران بڑی تعداد میں فیملیز محایل عسیر کے پہاڑی مقامات کا رخ کرتی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سیاحوں کے آنے سے علاقے کے روایتی بازاروں کی رونق میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

محایل عسیر کمشنری کی سرسبز وادیاں، صاف و شفاف جھرنے انتہائی دلفریب منظر پیش کرتے ہیں جو فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے پرکشش ہے۔
علاقائی انتظامیہ نے تفریحی مقامات کے انفرا سٹرکچر پر توجہ دی ہے جس سے سیاحوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں اضافہ ہوا۔

تفریحی مقامات پر سیاحوں کی سہولت کے لیے ہوٹلز اور کافی شاپس کے علاوہ علاقائی و روایتی اشیا فروخت کرنے کی دکانیں بھی موجود ہیں۔
روایتی مارکیٹوں میں سیاحوں کے لیے علاقے کے پکوان اور مخصوص روایتی ملبوسات کے ساتھ ساتھ دستکاری کے خوبصورت نمونے بھی رکھے گئے ہیں۔
