’الجردہ مارکیٹ‘: بریدہ کا ایک قدیم اور تاریخی بازار
قصیم ریجن کے شہر بریدہ کی ’الجردہ مارکیٹ‘ علاقے کے انتہائی قدیم و تاریخی بازاروں میں سے ایک ہے جو آج تک تجارتی و سماجی اعتبار سے اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ قدیم و روایتی بازار آج بھی صارفین کی ضروریات کو بخوبی پورا کر رہا ہے۔

قصیم ریجن کی میونسپلٹی نے الجردہ مارکیٹ کی تاریخی حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے دکانوں کو اسی روایتی انداز میں محفوظ رکھا ہے جس طرح وہ ماضی میں ہوا کرتی تھیں۔
ریجنل بلدیہ کے ترجمان نایف النفیعی کا کہنا ہے کہ ’اس اقدام کا مقصد مارکیٹ کی قدیم شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔ مارکیٹ کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے متعدد ترقیاتی کام کیے گئے ہیں۔‘

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’الجردہ مارکیٹ میں متنوع تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں جہاں علاقے کی معروف روایتی اشیا کی خرید و فروخت کی جاتی ہے، ان میں دیسی گھی، مکھن اور بخور وغیرہ شامل ہیں۔‘
بریدہ قصیم کی یہ قدیم مارکیٹ اندرون مملکت بلکہ بیرونی سیاحوں کے لیے بھی باعث کشش ہے جو علاقے کی روایتی اشیا کی خریداری کے لیے یہاں آتے ہیں۔
