Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلیوایڈڈ ٹیکس کی خلاف ورزیوں پر 5 ہزار سے زائد چالان کئے گئے ، الحربی

 ریاض..... زکوة اور انکم اتھارٹی کے ترجمان حمو دالحربی نے کہا ہے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی مد میں اب تک 5049 خلاف ورزیاں درج کی جا چکی ہیں ۔ الاقتصادیہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے الحربی نے مزید کہا کہ اب تک ادارے میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار تک پہنچ چکی ہے جو اچھی علامت ہے ۔ ویلیوایڈڈ ٹیکس کا قانون رواں برس یکم جنوری سے شروع کیا گیا تھا ۔ ادارے ٹیکسیشن میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل مرحلہ وار شروع کیا گیا جس کا آغاز گزشتہ برس سے ہوا ۔ اعداد وشمار بیان کرتے ہوئے الحربی نے مزید کہا کہ گزشتہ برس سے رضاکارانہ طور پرکمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا تھا تاکہ معاملات میں رکاوٹ نہ ہو ۔ گزشتہ برس دسمبر تک VAT میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 80 تھی ۔ اتھارٹی کے ترجمان الحربی نے ٹیکس کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے حوالے سے کہا کہ واٹ قانون کے نفاذ سے اب تک 5 ہزار 49 خلا ف ورزیاں درج کی جاچکی ہیں جن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی گئی ۔ زیادہ تر خلاف ورزیاں رجسٹریشن کے بغیر صارفین سے واٹ وصول کرنے پر عائد کی گئی جو ایسے تاجروں پر عائد کی گئی تھیں جو رسید جاری کرتے ہوئے ٹیکس کی تفصیلات درج نہیں کرتے تھے ۔ 5 فیصد واٹ وہی کمپنیاں حاصل کر سکتی ہیں جو قانونی طور پر ادارے میں رجسٹرڈ ہوں اورانہیں واٹ نمبر الاٹ کیا جاچکا ہو ۔ واٹ رجسٹریشن کے بغیر کوئی ادارہ کسی صارف سے 5 فیصد ویلیوایڈڈ ٹیکس وصول کرنے کا حقدار نہیں ہو سکتا ۔ ٹیکسیشن قانون کے مطابق وہ کمپنیاں جو قانون کے دائرے میں آتی ہیں ان پر لازم ہے کہ وہ ادارے میں خود کو رجسٹر کروائیں اور باقاعدہ واٹ سیریل نمبر حاصل کریں خلاف ورزی پر 10 ہزار ریال جرمانے کے علاوہ دیگر سزاکا بھی حقدار ہوتا ہے ۔ الحربی نے مزید کہا کہ ادارہ ٹیکسیشن کی جانب سے مملکت کی تمام کمشنریوںاور شہروں میں تفتیشی کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو ان امور کا جائزہ لیتی ہیں کہ تاجر وں کی جانب سے ٹیکس کے قانون پر عملدرآمد کیا جارہا ہے یا نہیں ۔ اس ضمن میں تجارتی مراکز ، گاڑیوں کے ورکشاپس ، الیکٹریکل اشیاءاور اشیائے خورونوش کی مارکیٹوں میں تفتیشی کمیٹیاں مسلسل جائزہ لے رہی ہیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایاجاسکے کہ تاجروں کی جانب سے قانون پرعمل کیاجارہا ہے یا نہیں ۔ واضح رہے مملکت میں یکم جنوری 2018 سے تجارتی اشیاءاور سروسسز فراہم کرنے والے اداروں پر 5فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کیا جا چکا ہے جس کے لئے ادارے کی جانب سے رجسٹرڈ کمپنیوں کو سیریل نمبر جاری کیا جاتا ہے ۔ وہ تاجر یا دکاندار جو ادارے میں رجسٹرڈ نہیں کسی بھی صورت میں صارفین سے ٹیکس وصول نہیں کر سکتے خلاف ورزی کرنے پر انکے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ 

شیئر: