ٹینس شروع کی تو کہا گیا ”کالی ہو جاﺅ گی “، ثانیہ مرزا
ممبئی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ میں نے ٹینس کھیلنا شروع کی تو مجھے یہ کہہ کر ڈرایا جاتا تھاکہ کالی ہوجاو گی ،کوئی شادی نہیں کرے گا۔ ممبئی میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والی تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ٹینس اسٹار کا مزید کہنا تھا کہ میں نے 6 برس کی عمر سے ٹینس کھیلنا شروع کی،اس دور میں کسی لڑکی کی جانب سے اس کھیل کا انتخاب بہت عجیب سمجھا جاتاتھا، لوگوں نے طرح طرح کی باتیں بھی کیں۔ثانیہ مرزا نے کہا کہ جب میرے والدین نے میرے چچا اور چچی کو میرے ٹینس کھیلنے سے متعلق آگاہ کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ کالی ہوجائے گی، پھر دیکھنا کوئی اس سے شادی نہیں کرے گا۔ میں ایسے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جہاں بہت سے کرکٹرز ہیں، یہاں تک کہ میرے والد بھی کرکٹ کھیلا کرتے تھے تاہم کسی نے میرے ٹینس کھیلنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی ۔ آج میرے اس کامیاب کیریئر میں میرے والدین کا اہم کردار ہے جنہوں نے ہمیشہ میری حو صلہ افزائی کی۔ثانیہ مرزا نے اسپورٹس میں آنے کی خواہشمند لڑکیوں کیلئے کہا کہ آپ کو ہمت نہیں ہارنی چاہئے، کامیابی آپ کے قدم چوے گی ۔ ٹینس اسٹار نے کہا کہ ابھی بھی خواتین کو کھیلوں میں مردوں کے برابر اہمیت نہیں دی جاتی یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں مختلف ٹورنامنٹس اورکھیلوں کے مقابلوں کے دوران مردوں کو والے انعامات کی رقم زیادہ ہوتی ہے جبکہ خواتین کھلاڑیوں کو نسبتاً کم انعام دیا جاتا ہے ، یہ رویہ اور صورتحال یقینا ناقابل برداشت ہے۔