Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک ریجن میں واٹر اتھارٹی کا آپریشن، 5 فلنگ سٹیشنز سیل

تفتیشی ٹیموں نے آبی خلاف ورزیوں پر 144 چالان بھی کیے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی واٹر اتھارٹی نے تبوک میں غیرمعیاری واٹر فلنگ سٹیشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 سٹیشنزکو سیل کردیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق واٹر اتھارٹی کی ٹیموں نے ریجن کے مختلف علاقوں میں مقررہ لائسنس حاصل نہ کرنے پر 144 دکانوں اور سٹیشنز کے چالان بھی کیے ہیں۔
واٹر اتھارٹی کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر قائم واٹر فلنگ پلانٹس کا دورہ کیا جہاں واٹر اسٹوریج کے علاوہ پانی منتقل کرنے والے ٹینکروں کی بھی جانچ کی گئی۔
معائنے کے دوران پانی کے نمونوں کے نتائج میں مقررہ معیار کی خلاف ورزی سامنے آنے پر 5 سٹیشنز سیل کردیئے گئے جبکہ بغیر لائسنس کے پانی منتقل کرنے پر 144 چالان کیے گئے۔
دوسری جانب اتھارٹی کے شمال مغربی علاقے کے ریجنل دفتر نے نیشنل واٹر کمپنی کے تعاون سے پانی کی فراہمی کے متبادل انتظامات کیے۔ ان اقدامات کے تحت پانی بھرنے والے سٹیشنز کی تعداد ایک سے بڑھا کرتین کردی گئی ہے۔
اس ضمن میں سعودی واٹر اتھارٹی نے واضح کیا کہ پانی بھرنے اور اس کی منتقلی سے وابستہ افراد اور اداروں کے لیے لائسنس حاصل کرنا اور پانی کے معیار سے متعلق منظور شدہ ضوابط کی پابندی کرنا ضروری ہے۔
اتھارٹی نے متنبہ کیا ہے کہ آبی قوانین اور ان کے انتظامی ضوابط پر عمل نہ کرنا قانون شکنی ہے، جبکہ لائسنس کے بغیر کام کرنا بھی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے۔

شیئر: