Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر سال 4لاکھ برطانوی پاسپورٹ کھو جاتے یا چرا لئے جاتے ہیں

لندن .... وزارت داخلہ کا کہناہے کہ ہر سال 4لاکھ برطانوی پاسپورٹ کھو جاتے ہیں یا پھر چرا لئے جاتے ہیں۔ یہ اعدادوشمار اس وقت سامنے آئے جب وزیر داخلہ ساجد جاوید نے ایک مہم شروع کرتے ہوئے لوگوں پر زوردیا کہ وہ پاسپورٹ لاپتہ ہوتے ہی فوری حکام کو آگاہ کریں۔ واضح رہے کہ برطانوی اخبار نے انکشاف کیاتھا کہ ان پاسپورٹس کو بلیک مارکیٹ میں فروخت کردیا جاتا ہے۔ وزیر داخلہ نے یہ مہم اس وقت شروع کی ہے جب اخبارات نے انکشاف کیا کہ لاپتہ یا چوری ہوجانے والے پاسپورٹس سے مجرم برطانیہ کا سفر کرتے ہیں۔ اخبار میل نے اسی ہفتے انکشاف کیا تھا کہ مغربی یورپ میں مختلف گروہ پاسپورٹ چراتا ہے اور پھر ہر پاسپورٹ 2500پونڈ میں ترکی اور یونان میں فروخت کرتا ہے۔ وزارت داخلہ نے یہ انکشاف کیا کہ لوگ اپنے لاپتہ پاسپورٹ سے حکام کوآگاہ کرنے میں اوسطاً73دن لگاتے ہیں۔ یعنی انہیں پتہ ہی نہیں ہوتا کہ انکا پاسپورٹ کہا ں ہے اور وہ لیت و لعل سے کام لیتے ہیں۔ ادھر استنبول میں کام کرنے والے ایک بین الاقوامی گروہ نے اخبار کو بتایا کہ بعض برطانوی خود بھی اپنا پاسپورٹ اسمگلروں کو فروخت کردیتے ہیں۔ اسمگلر ان سے وعدہ لیتے ہیں کہ وہ کئی ماہ تک اپنے پاسپورٹ کی گمشدگی سے حکام کو آگاہ نہیں کرینگے اور اسی دوران وہ یہ پاسپورٹ مختلف گروپ کو فروخت کردیتے ہیں۔
 
 

شیئر: