Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مودی اور راہول حیدرآباد سے لڑ کر دکھائیں، اسد اویسی

حیدرآباد ...حیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اور کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے مودی اور انکی پارٹی بی جے پی اور کانگریس کو چیلنج کیا ہے کہ اگر ان میں ہمت ہے تو حیدرآباد سے انتخاب لڑ کر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص ہم سے حیدرآباد کی نشست چھیننا چاہتا ہے۔ میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ حیدرآباد سے لڑ کر دکھائیں۔ میں مودی اور امیت شاہ کو بھی چیلنج دیتا ہوں۔ انہوں نے کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی کو بھی چیلنج دیا کہ وہ حیدرآباد کی نشست پر لڑ کر دکھائیں۔ اویسی کا کہناتھا کہ اگر یہ دونوں پارٹیاں مل کر بھی حیدرآباد سے لڑیں تو پھر بھی ہمیں شکست نہیں دے سکیں گی۔ حیدرآباد میں اپنی پارٹی کے حامیوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آپ دیکھیں گے کہ جلد ہی وزیراعظم مودی ٹی وی پر آئیں گے اور اپنے ہیٹ سے خرگوش نکال کر دکھائیں گے اور انکا یہ میجک شو بھی اچھی ریٹنگ لے گا۔ انہوں نے بی جے پی پر مزید حملے کرتے ہوئے کہا کہ دل دہلادینے والے کئی واقعات میں بی جے پی ملوث ہے۔ عوام کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ مہاتما گاندھی کا قتل بابری مسجد کا انہدام ، گجرات کے فسادات اور سکھوں کے خلاف فسادات سب کچھ اسی آزاد ہند میں ہوئے۔انہوں نے وزیراعظم اور یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے کہا کہ وہ ذرا جرات کا مظاہرہ کریں اور اقلیتی طبقے کے ان لوگوں کے لواحقین کو اپنی رہائش پر بلائیں جنہیں ہجومی تشدد کے دوران ہلاک کردیا گیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل کررہی ہے اور اس نے اقلیتی فرقے سے ناروا سلوک روا رکھا ہوا ہے۔
 

شیئر: